چین کے سابق صدر جیانگ زیمن کا انتقال

   

بیجنگ: چین کے سابق صدر جیانگ زیمن کا انتقال ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق چین کے سابق صدر جیانگ زیمن چہارشنبہ کو 96 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ، وہ خون کے کینسر (لیوکیمیا) کے مرض میں مبتلا تھے ، اور ان کے کئی اعضا نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔جیانگ زیمن 1993 سے 2003 تک چین کے صدر رہے ، ان کا انتقال رات سوا بارہ بجے آبائی شہر شنگھائی میں ہوا۔ شنہوا نیوز کے مطابق موت کا اعلان حکمران کمیونسٹ پارٹی، پارلیمنٹ، کابینہ اور فوج کی طرف سے چینی عوام کے نام ایک خط شائع کرتے ہوئے کیا گیا۔ خط میں لکھا گیا ہے کہ یہ اعلان گہرے غم کے ساتھ کیا جا رہا ہے ، کامریڈ جیانگ زیمن کی موت ہماری پارٹی اور ہماری فوج، عوام اور تمام نسلی گروہوں کے لوگوں کیلئے ناقابلِ حساب نقصان ہے ۔خط میں سابق صدر کو ایک اعلیٰ وقار کے حامل رہنما، ایک عظیم مارکسسٹ، سیاست دان، فوجی حکمت عملی کا ماہر، سفارت کار اور ایک طویل آزمائشی کمیونسٹ جنگجو قرار دیا گیا۔