ڈاکٹرس کی لاپرواہی سے موت پر پانچ لاکھ کا ایکس گریشیا

   

ریونیو حکام کو اقلیتی کمیشن کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 19۔ فروری (سیاست نیوز) علاج کے دوران ایک خانگی ہاسپٹل میں لاپرواہی سے خاتون کی موت کے واقعہ کا سختی سے نوٹ لیتے ہوئے تلنگانہ اقلیتی کمیشن نے لواحقین کو پانچ لاکھ روپئے ایکس گریشیا اور ڈبل بیڈروم مکان فراہم کرنے کی تجویز پیش کی۔ ضلع وقار آباد کے ریونیو حکام نے اس تجویز سے اتفاق کرلیا اور کہا کہ کمیشن کی ہدایت پر عمل آوری کی جائے گی ۔ صدرنشین اقلیتی کمیشن محمد قمرالدین نے آج اس مقدمہ کی سماعت کی ۔ محترمہ صبیحہ بیگم کی وقار آباد کے ایک خانگی ہاسپٹل میں سرجری کے دوران ڈاکٹرس کی لاپرواہی کے سبب موت واقع ہوگئی تھی۔ کمیشن نے اس معاملہ میں رشتہ داروں کی شکایت پر ضلع کلکٹر وقار آباد سے رپورٹ طلب کی۔ ضلع کلکٹر نے اپنی رپورٹ میں واضح کیا کہ خاتون کی موت ڈاکٹرس کی لاپرواہی کا نتیجہ ہے۔ رپورٹ کی بنیاد پر صدرنشین اقلیتی کمیشن نے پانچ لاکھ روپئے ایکس گریشیا اور حکومت کی اسکیم میں ڈبل بیڈروم مکان فراہم کرنے کا مشورہ دیا۔