ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کا ضبط کردہ مجسمہ واپس کیا جائے چیف منسٹر کو ہنمنت راؤ کا مکتوب

   


حیدرآباد : سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کا مجسمہ واپس کرنے کیلئے پولیس کو ہدایت دینے کی درخواست کی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی جینتی کے موقع پر 14 مارچ کو پنجہ گٹہ چوراہے پر تنصیب کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ 13 مارچ 2019ء کو مجسمہ نصب کرنے کی کوشش کی گئی تھی جسے بلدی حکام نے روک دیا اور مجسمہ کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ انہوں نے بتایا کہ 5 لاکھ روپئے کے صرفہ سے نیا مجسمہ املا پورم میں تیار کیا گیا جسے پولیس نے اپنی تحویل میں رکھا ہے۔ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اور درج فہرست اقوام و قبائل کی توہین کی گئی ہے۔ چیف منسٹر نے گزشتہ سال اعلان کیا تھا کہ ڈاکٹر امبیڈکر کا مجسمہ حکومت کی جانب سے نصب کیا گیا۔ ہنمنت راؤ نے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے ضبط کئے گئے مجسمہ کو تنصیب کیلئے حوالے کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ دستور کے معمار کے مجسمہ کے سلسلے میں حکومت کو کوئی اعتراض نہیں ہونا چاہئے۔