ڈاکٹر محمد حمیداللہ کی علمی تحقیق و کارنامے نئی نسل کیلئے مشعل راہ

   

اقبال اکیڈیمی کا سمینار، مولانا لطیف احمد قادری اور جناب ضیاء الدین نئیر کا خطاب
حیدرآباد یکم / جون ( پریس نوٹ ) اقبال اکیڈیمی کے زیر اہتمام سرزمین دکن کے ممتاز عالم محقق ، قانون دان اور مورخ ڈاکٹر محمد حمیداللہ کی دینی و ملی خدمات کو خراج ادا کیا گیا ۔ مولانا ڈاکٹر لطیف احمد قادری شیخ المعقولات جامعہ نظامیہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ تاریخ اور حدیث پر اعلی تحقیق اور فرانسیسی زبان میں ترجمہ قرآن اور مغرب میں اسلام کی تبلیغ کے باعث انہیں عالمگیر شہرت حاصل ہوئی ۔ انہوں نے ڈاکٹر محمد حمیداللہ کے خاندانی پس منظر ، تعلیم اور کارناموں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ فکر و نظر کے اعتبار سے وہ راسخ العقیدہ مسلمان تھے ۔ انہوں نے سلف کے نقطہ نظر کو پوری دیانت داری کے ساتھ نئی دنیا کے سامنے پیش کیا اور دونوں کے درمیان ایک پل کا کام انجام دیا ۔ صدر کل ہند مجلس تعمیر ملت و صدر اقبال اکیڈیمی جناب محمد ضیاء الدین نئیر نے اپنے صدارتی خطاب میں ڈاکٹر حمیداللہ کے خطبات بھاولپور کے نکات بیان کئے اور کہا کہ ان کی شخصیت ان کی تعلیمات اور ان کے علمی و تحقیقتی کارنامے نئی نسل کیلئے مشعل راہ ہیں ۔ اقبال اکیڈیمی ، دکن کی عظیم شخصیات اور ان کی خدمات و کارناموں سے نئی نسل کو واقف کروانے کا فریضہ انجام دے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد حمیداللہ صرف علم و تحقیق کے ہی مرد میدان نہ تھے بلکہ وہ دعوت و تبلیغ کے جذبہ سے بھی سرشار تھے ۔ وہ پیرس کی جامع مسجد میں درس و تدریس کی خدمات بھی انجام دیتے رہے اور جہاں بھی موقع ملتا دعوت و تبلیغ کا کام کرتے رہے ۔ پروفیسر خواجہ ناصر الدین نائب صدر اکیڈیمی نے استقبال کیا اور اقبال اکیڈیمی کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی ۔ قاری محمد سلیمان کی قرات کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہوا ۔ جناب محمد شاہنواز ہاشمی نے کلام اقبال پیش کیا ۔ ڈاکٹر غلام کرمانی نے کارروائی چلائی اور جناب روف ریحان نے شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر مولانا شبیر احمد یعقوبی ، جناب سید جمیل ، جناب محمد سلیم خان ، جناب محمد معز اور دوسرے موجود تھے ۔ جناب محمد عمر لائبریرین نے انتظامات کی نگرانی کی ۔