دیوبند: عالمی شہرت یافتہ شاعر اور ماہر تعلیم ڈاکٹر نواز دیوبندی کو روٹری انٹر نیشنل نے ٹیچرس ڈے کے موقع پر آئی آئی ایم ٹی یونیورسٹی میرٹھ کے آڈیٹوریم میں اپنے سب سے اعلٰی ایوارڈ ’’ووکیشنل ایکسیلینس ایوارڈ 23-24‘‘ سے نوازا۔ ڈاکٹر نواز دیوبندی کو یہ اعزاز ان کی تعلیمی خدمات خاص طور پر بیٹیوں کی تعلیمی خدمات کے لئے دیا گیا، اس اعزاز کی خوشی میں نواز گرلز پبلک اسکول دیوبند میں اساتذہ اور طالبات کی جانب سے ایک استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں ڈاکٹر نواز دیوبندی کو ٹیچرس اور طالبات نے ایک سپاس نامہ پیش کیا اور دلی مبارک باد پیش کی۔ اس موقع پر بولتے ہوئے اسکول پرنسپل فوزیہ عبداللہ نے کہا کہ بیٹیوں کی تعلیم کے لئے جو جذبہ، شوق، لگن اورتڑپ اللہ تعالیٰ نے میرے ابٗی (ڈاکٹر نواز) کو دی ہے وہ قدرت کا خاص انعام اور عطیہ ہے بیٹیوں کے اپنے تعلیمی مشن سے انھیں عشق ہے ۔