ڈبل بیڈروم مکانات پر وائیٹ پیپر جاری کرنے کانگریس کا مطالبہ

   

بلدی انتخابات میں کامیابی کیلئے جھوٹے وعدے، ایک فیصد مکانات بھی تقسیم نہیں ہوئے
حیدرآباد : تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور ان کی حکومت ڈبل بیڈروم مکانات کے مسئلہ پر غریب عوام کو گمراہ کر رہی ہے۔ پارٹی کے خازن جی نارائن ریڈی نے کہا کہ 31 اضلاع میں 2 لاکھ 80 ہزار 616 ڈبل بیڈروم مکانات کی منظوری دی گئی تھی لیکن 5 فیصد مکانات کی تعمیر مکمل نہیں ہوئی ہے ۔ گزشتہ 6 برسوں میں ایک فیصد مکان بھی غریبوں میں تقسیم نہیں کئے گئے ۔ ایک ریاستی وزیر نے حال ہی میں اعلان کیا کہ 21 مقامات پر 4358 مکانات تیار ہیں جو دسہرہ کے موقع پر حوالے کئے جائیں گے۔ میئر گریٹر حیدرآباد رام موہن نے ڈبل بیڈروم مکانات کے سلسلہ میں علحدہ اعداد و شمار جاری کئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت میں شامل افراد کے دعوے متضاد ہیں جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ حکومت مکانات کی فراہمی میں سنجیدہ نہیں ہے ۔ حکومت کی جانب سے اگست 2014 ء میں کئے گئے سروے کے مطابق 22 لاکھ خاندان غربت کی سطح سے نیچے زندگی بسر کر رہے ہیں ۔ غریبوں کو مفت میں ڈبل بیڈروم مکانات کا وعدہ کیا گیا۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں بلدی انتخابات میں کامیابی کے لئے ٹی آر ایس نے 396 مکانات کی تعمیر مکمل کرتے ہوئے اس کی خوب تشہیر کی۔ الیکشن میں کامیابی کے بعد مکانات کی تعمیر کو فراموش کردیا گیا۔ نارائن ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس اور مجلس کے قائدین مکانات کی فراہمی کے سلسلہ میں عوام سے درخواستیں وصول کر رہے ہیں۔ یہ دراصل آئندہ انتخابات میں کامیابی کی مہم ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر کے سلسلہ میں وائیٹ پیپر جاری کرے۔ حکومت کو 20 لاکھ درخواستیں موصول ہوئی تھیں ، ان کے بارے میں وضاحت کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت گزشتہ 6 برسوں میں انتخابی وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکی ہے۔
کیرئیر گائیڈ دفتر سیاست میں دستیاب
حیدرآباد :۔ مختلف پروفیشنل کورس میں داخلے کے طریقہ کار کیلئے کیرئیر گائیڈ شائع کی گئی ہے ۔ سی اے ، میڈیکل ، انجینئرنگ ، مینجمنٹ ، جرنلزم ، لاء ، پائلٹ وغیرہ کے کیرئیر راہیں بتائی گئی ۔ ایس ایس سی / انٹر کے بعد سے کیا کیا کرسکتے ہیں کیرئیر گائیڈ دفتر سیاست کے محبوب حسین جگر ہال عابڈس پر شام کے اوقات میں حاصل کرسکتے ہیں ۔۔