ڈبل بیڈ رومس مکانات کی تعمیر اور بھگیرتا کے کاموں کو جلد مکمل کیا جائے

   

نرمل کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں ضلعی عہدیداروں کے ساتھ مشرف فاروقی کا خطاب
نرمل۔/19 جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی حکومت کی تمام اسکیمات کو روبہ عمل لانے ٹھوس اقدامات کریں ۔ ساتھ ہی ڈبل بیڈ روم مکانات کے تعمیری کاموں اور مشن بھگیرتا کے کاموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ ضلع کلکٹر نرمل مشرف فاروقی نے کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں ضلعی عہدیداروں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تمام عہدیداروں کو ہدایات جاری کی ۔ اس موقع پر رکن اسمبلی خانہ پور ریکھا نائیک بھی موجود تھیں۔ ضلع کلکٹر نے بتایا کہ حلقہ اسمبلی خانہ پور کے علاقہ میں مشن بھگیرتا کے تحت 235 کالونیوں کو پانی سربراہ کیا جارہا ہے۔ بہت جلد زیر تکمیل کاموں کو مکمل کرتے ہوئے گھر گھر پانی کی فراہمی کے لئے ضلع کلکٹر نے عہدیداروں کو ہدایات دیں۔ ساتھ ہی خانہ پور میں بھی ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر میں تیزی لاتے ہوئے جلد از جلد تکمیل پر توجہ دینے کو کہا۔ ہر گاؤں میں ڈمپنگ یارڈ کے ساتھ ساتھ تمام تعمیری کاموں کو جلد مکمل کرتے ہوئے تمام علاقوں میں صاف صفائی کی طرف خصوصی توجہ دینے موسمی امراض سے محفوظ رہنے احتیاط کرنے کا عوام کو مشورہ دیا۔ کسان برادری کو ضرورت کے مطابق تخم اور کھاد کی فراہمی کو یقینی بنانے محکمہ زراعت کے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ تمام ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کیلئے عہدیداروں کو متحرک ہوجانے اور اسکیمات کی عمل آوری پر ٹھوس اقدامات کرنے کو کہا۔