ڈرائیور سوتا رہا، گاڑی سڑک پر دوڑتی رہی

   


برلن : جرمنی میں ٹریفک پولیس کے اہلکار اس وقت مشکل میں پڑ گئے جب انہوں ایک ایسی گاڑی کو کھلی سڑک پر تیز رفتاری سے دوڑتے ہوئے دیکھا جس کا ڈرائیور گہری نیند کے مزے لے رہا تھا۔ ڈرائیور کی مدد کے بغیر یہ گاڑی ایک مرکزی شاہراہ پر 120 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑ رہی تھی۔پولیس اس گاڑی کا لگ بھگ 15 منٹ تک تعاقب کرتی رہی۔ یہ گاڑی خودکار نظام کے تحت بیمبرگ کی ایک سڑک پر چار گھنٹے سے چل رہی تھی۔جب پولیس کو پتا چلا کہ اس کا ڈرائیور سو رہا ہے اور اسے اپنے گردوپیش کا کچھ بھی علم نہیں تو انہوں نے فلیش لائٹیں مارنا اور خطرے کا سائرن بجانا شروع کر دیا۔پولیس نے گاڑی کے ڈرائیور پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے تیز رفتار لین پر گاڑی کو ڈالا اور اسے ’سیلف ڈرائیونگ موڈ‘ پر سیٹ کر دیا اور پھر وہ ڈرائیونگ سیٹ پر ہی سو گیا۔