ڈراویڈ اور معاون عملہ کی معیاد میں توسیع

   

نئی دہلی۔ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے اعلان کیا کہ اس نے ہیڈ کوچ راہول ڈراویڈ اور سینئر ہندوستانی مرد ٹیم کے معاون عملے کے معاہدوں میں توسیع کردی ہے۔ اپنے بیان میں بی سی سی آئی نے کہا کہ حال ہی میں ختم ہونے والے 2023 مینز ونڈے ورلڈ کپ کے بعد ڈراویڈ کے معاہدے کی مدت ختم ہونے کے بعد اس نے راہول ڈراویڈکے ساتھ نتیجہ خیز بات چیت کی اور متفقہ طور پر مدت کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔ڈراویڈ نے روی شاستری کو 2021 میں ٹی20 ورلڈ کپ کے بعد ہندوستان کے سینئر مردوں کے ہیڈ کوچ کے طور پر دو سال کی مدت کے لیے تبدیل کیا تھا، اس کے ساتھ معاون عملہ وکرم راٹھور (2019ونڈے ورلڈ کپ کے بعد بیٹنگ کوچ)، پارس مہمبرے (بولنگ کوچ) اور ٹی دلیپ (فیلڈنگ کوچ) پر مشتمل تھا۔اس موقع پر ڈراویڈ نے کہا ہے کہ ہندوستانی ٹیم کے ساتھ پچھلے دو سال مکمل طور پر یادگار رہے ہیں۔ ایک ساتھ مل کر ہم نے نشیب وفراز کا مشاہدہ کیا ہے اور اس پورے سفر میں گروپ کے اندر تعاون اور دوستی غیر معمولی رہی ہے۔ مجھے اس ڈریسنگ روم کی اس ثقافت پر حقیقی طور پر فخر ہے جو ہم نے قائم کیا ہے۔