ڈراویڈ کورونا سے صحت یاب، ٹیم کا چارج سنبھال لیا

   


دبئی: ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ راہول ڈراویڈ نے کوویڈ۔19 سے صحت یاب ہونے کے بعد ایشیا کپ کی مہم کیلئے متحدہ عرب امارات میں ٹیم کا چارج سنبھال لیا ہے۔ ہندوستانی ٹیم کے سابق مایہ ناز بیاٹر کا یو اے ای میں 6 ملکی ٹی 20 ٹورنمنٹ کی روانگی کے وقت کوورنا ٹسٹ مثبت آیا تھا۔ انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے وی وی ایس لکشمن کو ڈراویڈ کی غیر موجودگی میں اسسٹنٹ کوچ بنایا تھا۔ وہ بنگلور میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے سربراہ تھے۔ بی سی سی آئی نے ایک بیان میں بتایا کہ ڈراویڈ کا کورونا ٹسٹ منفی آیا ہے اور انہوں نے دبئی میں ہندوستانی ٹیم کو جوائن کر لیا جبکہ لکشمن واپس بنگلورچلے گئے ہیں۔ ہندوستان ایشیا کپ میں ٹائٹل کا دفاع کرنے کیلئے اتوار کو روایتی حریف پاکستان کے خلاف اپنا پہلا میچ کھیل رہا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ کرکٹ معطل ہے لیکن یہ ممالک کثیر قومی ٹورنمنٹ میں ایک دوسرے کے خلاف کھیلتے ہیں۔ ایشیا کپ کا افتتاحی میچ گزشتہ روز سری لنکا اور افغانستان کے درمیان ہوا ۔ پاکستان نے گزشتہ برس دبئی میں ٹی20 ولڈکپ کے میچ میں ہندوستان کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔