ڈراویڈ کو ٹیم کی مدد کیلئے آسٹریلیا بھیجنا چاہئے : وینگسرکر

   


نئی دہلی۔ہندوستانی ٹیم کے سابق چیف سلیکٹر دلپ وینگسرکرنے ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) سے اپیل کی ہے کہ ٹیم کے سابق کپتان راہول ڈراویڈ کو ٹیم کی مدد کے لئے فوراً آسٹریلیا بھیجنا چاہئے ۔دلپ وینگسرکر کاخیال ہے کہ بطور کوچ ڈراویڈ کا تجربہ باقاعدہ کپتان وراٹ کوہلی کی غیرموجودگی میں ٹیم کے کام آئے گا۔ ان کی موجودگی سے ٹیم کو کافی مدد ملے گی۔ہندوستان کو آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹسٹ میں آٹھ وکٹ سے شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ وینگسر کر نے ایک اخبارکو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ بی سی سی آئی کو ڈراویڈ کو فوراً آسٹریلیا بھیجنا چاہئے ۔ آسٹریلیا کے ماحول میں ڈراویڈ سے بہتر کوئی بھی ہندوستانی بیٹسمین کی رہنمائی نہیں کرسکتا۔ ان کی موجودگی سے نیٹس میں ٹیم کو کافی مدد ملے گی اور بورڈ ٹیم میں ڈراویڈ کا استعمال بخوبی کرسکتا ہے ۔سابق ہندوستانی کپتان نے مزیدکہا کہ ڈراویڈ کو فوراً بھیج دینا چاہیے کیونکہ اگر انہیں14 دن کے لئے قرنطینہ میں رہنا پڑا تو بھی وہ تیسرے ٹسٹ سے ٹیم کے ساتھ وابستہ ہوسکتے ہیں۔ یادر ہے کہ ہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان راہول ڈراویڈ کو وال (دیوار) کے نام سے جانا جاتا تھا جس کی اصل وجہ ان کی بیٹنگ میں شاندار تکنیک تھی ۔ڈراویڈ کے بیرون ممالک خاص کر آسٹریلیا اور انگلینڈ کے خلاف مظاہرے کافی شاندار رہے ہیں لہذا کہا جارہا ہے کہ موجودہ ہندوستانی ٹیم کے بیٹسمینوں کو اپنی بیٹنگ تکنیک بہتر کرنے کے لئے ڈراویڈ کی مدد لینی چاہئے۔