ڈرنک اینڈ ڈرائیو ٹسٹ سے متعلق ہریش راؤ کے ریمارک پر اسمبلی میں ہنگامہ

   

ہریش راؤ پر 10 ہزار کروڑ کی لوٹ کا الزام، ایوان کی کارروائی میں خلل، اسپیکر نے ریمارکس حذف کرنے سے اتفاق کیا
حیدرآباد۔/18 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی میں بی آر ایس رکن ہریش راؤ کے ڈرنک اینڈ ڈرائیو مہم کی طرح کانگریس ارکان اور وزراء کی جانچ سے متعلق ریمارک پر ہنگامہ ہوا۔ وقفہ سوالات کے دوران وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کے بعض ریمارکس سے برہم بی آر ایس ارکان نے ایوان کے وسط میں پہونچ کر احتجاج کیا۔ وقفہ سوالات میں کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے بی آر ایس دور حکومت میں مبینہ اسکامس کا حوالہ دیا جس پر بی آر ایس ارکان برہم ہوگئے۔ کالیشورم اور دیگر پراجکٹس کی بے قاعدگیوں پر ہریش راؤ نے کھلے مباحث کا چیلنج کیا۔ ایک مرحلہ پر انہوں نے ریمارک کیاکہ جس طرح پولیس ڈرنک اینڈ ڈرائیو مہم چلاتی ہے اسی طرح اسمبلی میں بھی کانگریس ارکان کی جانچ کی جائے کیونکہ بعض ارکان کے الزامات سے شبہات پیدا ہورہے ہیں۔ وزراء اور کانگریس ارکان نے ہریش راؤ کے بیان پر سخت احتجاج کیا۔ وزیر مال سرینواس ریڈی نے کہا کہ ہریش راؤ کو ایوان سے معذرت خواہی کرنی چاہیئے۔ کانگریس رکن بی ایلیا نے کہا کہ ہریش راؤ دراصل قائد اپوزیشن کے سی آر کی بات کررہے ہیں جو اسمبلی میں اپنی ذمہ داری چھوڑ کر مہ نوشی میں مصروف ہیں۔ دونوں جانب سے ہنگامہ آرائی کے نتیجہ میں ایوان کی کارروائی متاثر ہوئی اور اسپیکر کی اپیلوں کا کوئی اثر نہیں ہوا۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے الزام عائد کیا کہ کالیشورم پراجکٹ میں ہریش راؤ نے کمیشن حاصل کیا ہے اور وہ الزامات کو ثابت کرنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہریش راؤ کو ان کے خلاف الزامات ثابت کرنے چاہیئے۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ بی آر ایس دور حکومت میں ماما کی آڑ میں بھانجہ نے 10 ہزار کروڑ کی لوٹ کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہریش راؤ کو تحقیقات کا چیلنج قبول کرنا چاہیئے۔ وزیر امور مقننہ سریدھر بابو نے اسپیکر سے اپیل کی کہ دونوں جانب سے کئے گئے قابل اعتراض ریمارکس کو حذف کردیا جائے۔ اسپیکر نے ہریش راؤ اور بی ایلیا کے ریمارکس کو حذف کرنے سے اتفاق کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی وزیر وینکٹ ریڈی کے ریمارکس کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ اسپیکر کی رولنگ کے بعد ایوان میں نظم بحال ہوا۔1