کیف : یوکرین کی قومی سلامتی اور دفاعی کونسل کے سکریٹری اولیکسی دانیلوف نے جمعرات کو ایرانی فوجی مشیروں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے جو روس کو ڈرون اڑانے میں مدد دینے کے لئے کریمیا میں موجود تھے۔دانیلوف نے مزید کہا وہ ہماری سرزمین پر تھے ، اگر انہوں نے روسیوں کے ساتھ تعاون کیا اور ہمارے ملک کی تباہی میں حصہ لیا تو ہمیں انہیں مار ڈالنا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ یرانیوں کا اصرار ہے کہ وہ روس کو ہتھیار فراہم نہیں کرتے، ہمیں اس کی تصدیق کرنا چاہیے۔ تاہم آج تک ان کی اس کہانی کو سچ کہنے کیلئے کچھ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ ڈرونز جن کی روس کو فراہمی کا ایران پر الزام لگایا جاتاہے چلانے کا طریقہ سیکھے بغیر ان کو اُڑایا نہیں جا سکتا۔ جدید دنیا میں آپ کچھ بھی نہیں چھپاسکتے۔ واضح رہے ایران نے تسلیم کیا ہے کہ اس نے روس کو ڈرون بھیجے تھے لیکن اس بات پر زور دیا تھا کہ اس نے یہ ڈرونز یوکرین میں روسی آپریشن سے قبل اپنے اتحادی کو فراہم کئے تھے۔کیف نے کہا ہے کہ دوران جنگ تقریباً 400 ایرانی ڈرون یوکرین میں شہریوں کے خلاف استعمال کئے جا چکے ہیں اور ماسکو نے تقریباً 2000 مزید ڈرونز کا آرڈر کر رکھا ہے۔