ڈرگس کا بڑا بین الاقوامی ریاکٹ بے نقاب

   

چھ افراد بشمول 3 نائجیریائی باشندے گرفتار، کمشنر پولیس سی وی آنند

حیدرآباد : /7 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ کے انسداد منشیات ٹیم نے ڈرگس کے ایک بڑے بین الاقوامی ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے 6 افراد بشمول 3 نائجیریائی باشندے کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس کمشنر حیدرآباد سی وی آنند جو ریاستی انسداد منشیات ٹیم کے سربراہ بھی ہیں نے بنجارہ ہلز میں واقع کمانڈ کنٹرول سنٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ٹولی کا سرغنہ میکس ویل نبوسی ہے جو نائجیریائی باشندہ ہے اور علاج کیلئے میڈیکل ویزا پر 2011 ء میں ممبئی آیا تھا ۔ میکس ویل نے ایک اور نائجیریائی باشندے بلیسنگ کے ہمراہ ممبئی سے بنگلور منتقل ہوا اور 2022 ء میں ڈرگس کا کاروبار شروع کیا ۔ ممبئی میں سرگرم طور پر ڈرگس کا کاروبار کرنے کے بعد پولیس سے بچنے کیلئے مذکورہ نائجیریائی باشندے بنگلور منتقل ہوگئے اور وہاں پر فرضی نام سے نائجیریائی پاسپورٹ حاصل کیا اور اس کی مدد سے بنگلور کے ایم ایس نگر میں ایک مکان کرایہ پر حاصل کیا اور بنگلور کے مختلف کالجس اور یونیورسٹیز کے طلباء کو نشانہ بناتے ہوئے انہیں ڈرگس فراہم کرنے لگا ۔ نائجیریائی باشندے بین الاقوامی ڈرگس راکٹ چلاتے ہوئے حیدرآباد میں بھی نوجوان افراد کو نشانہ بنانے کیلئے ارادہ کیا تھا اور اس سلسلہ میں نائجیریائی باشندہ میکس ویل حیدرآباد پہنچ کر اپنے ہمراہ کوکین بھی لایا تھا ۔ اس ریاکٹ میں تین نائجیریائی باشندوں کے علاوہ حیدرآباد کے پی سائی آکاش ، ایم سنجئے سنیل کمار ، ٹی تیجا ریڈی بھی شامل ہے جبکہ ایک اور نائجیریائی باشندہ ماضی ہنوز مفرور ہے ۔ نائجیریائی باشندوں کے قبضے سے یہاں کی پولیس نے 100 گرام کوکین ، 300 گرام ایم ڈی ایم اے منشیات اور 6 موبائیل فون برآمد کرلئے ۔ پولیس کمشنر سی وی آنند نے کہا کہ ڈرگس کے اسمگلنگ میں ملوث گھانا سے تعلق رکھنے والے فلیکس کو ملک واپس بھیجنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔