ڈل جھیل کی فضاؤں میں ایئرشو کا انعقاد

   

سری نگر : انڈین ایئر فورس نے اتوار کو یہاں شہرہ آفاق ڈل جھیل کی فضائوں میں ایک ‘ایئر شو’ کا انعقاد کیا جس سے بڑی تعداد میں طلبہ، مقامی لوگ اور سیاح لطف اندوز ہوئے ۔سری نگر میں 14 سال کے طویل عرصے کے بعد منعقد ہونے والا یہ ‘ایئر شو’ ملک کی آزادی کے 75 سال پورے ہونے کے سلسلے میں منائے جا رہے ‘آزادی کا امرت مہا اتسو’ پروگرام کی ایک کڑی تھا۔ ‘ایئر شو’ کے انعقاد کے پیش نظر ڈل جھیل اور اس کے مضافات میں سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے تھے ۔ مصروف ترین بلیوارڈ روڑ کو ہفتے کے روز ہی سویلین گاڑیوں کی آمد و رفت کے لئے بند کیا گیا تھا۔جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے شیر کشمیر انٹرنیشنل کنونشن کمپلیکس کے سبزہ زار میں ‘ایئر شو’ دیکھنے کے لئے جمع ہوئے طلبہ اور دیگر افراد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 26 ستمبر کا دن ایئر فورس اور جموں و کشمیر کی تاریخ میں سنہری الفاظ میں لکھا جائے گا۔انہوں نے کہا: ‘مجھے بے حد خوشی ہے کہ آج ہم سب اس تاریخی موقع کے گواہ بنے ہیں اور ہماری نوجوان نسل اس سے ترغیب حاصل کر کے زیادہ سے زیادہ تعداد میں انڈین ایئر فورس جوائن کرے گی’۔منوج سنہا نے کہا کہ جموں و کشمیر کے بچوں اور نوجوانوں کے خوابوں کو اڑان دینے کے لئے ایک لمبے انتظار کے بعد ایئر فورس کے سوریہ کرن دستے نے آج آسمان میں کرتب دکھایا ہے ۔ان کا مزید کہنا تھا: ‘آج جو کرتب آپ نے دیکھا ہے اس کے لئے انڈین ایئر فورس کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔