ڈپٹی کلکٹرس کی جائیدادوں پر تقررات کا مطالبہ

   

محکمہ ریونیو میں ترقی و تبادلے کیلئے اقدامات کرنے چیف منسٹر سے اپیل

حیدرآباد ۔ 16 فبروری (سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی ریونیو سرویسیس اسوسی ایشن نے ریاست میں مخلوعہ ڈپٹی کلکٹرس (ریونیو ڈیویژنل آفیسرس) تحصیلداروں اور ڈپٹی تحصیلداروں کی جائیدادوں پر ترقیوں کے ذریعہ تقررات عمل میں لانے کیلئے فی الفور اقدامات کرنے کا ریاستی حکومت بالخصوص چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ سے پرزور مطالبہ کیا اور بتایا کہ آئندہ دنوں ریاست میں منعقد ہونے والے لوک سبھا انتخابات کیلئے انتخابی ڈیوٹیوں کی انجام دہی کیلئے بھی ڈپٹی کلکٹروں، تحصیلداروں اور ڈپٹی تحصیلداروں کی مخلوعہ جائیدادوں کے پیش نظر پیش آنے والی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے بھی فوری طور پر ان تمام مخلوعہ جائیدادوں پر ترقی کے ذریعہ پُر کرنے کی شدید ضرورت ہے۔ مسٹر وی رویندر ریڈی صدر اور مسٹر نارائن ریڈی سکریٹری، تلنگانہ ریاستی ریونیو سرویسیس اسوسی ایشن نے یہ بات کہی اور بتایا کہ بالخصوص فی الوقت ریاست میں ڈپٹی کلکٹرس کی 76 جائیدادیں مخلوعہ ہیں۔ ان جائیدادوں پر تحصیلداروں کو ترقی کے ذریعہ تعینات کرنے پر دوبارہ تحصیلداروں کی اتنی ہی جائیدادیں مخلوعہ ہوں گی۔ تب ہی ڈپٹی تحصیلداروں کو تحصیلدار عہدہ پر ترقی کے مواقع فراہم ہوں گے۔ لہٰذا ڈپٹی کلکٹروں کی مخلوعہ جائیدادوں پر ترقیوں کے ذریعہ تقررات عمل میں لانے کے اقدامات کئے جانے چاہئے۔ ان قائدین نے بتایا کہ محکمہ آبپاشی کے مختلف پراجکٹس کے کاموں کی انجام دہی کیلئے 13 ڈپٹی کلکٹروں، آر آر آر میں (ریجنل رنگ روڈ) کیلئے حصول اراضی کیلئے 4 ڈپٹی کلکٹروں کے علاوہ اضلاع میں ریونیو ڈیویژنل آفیسرس کی کئی جائیدادیں مخلوعہ پائی جاتی ہیں۔ تلنگانہ ریاستی ریونیو سرویسیس اسوسی ایشن قائدین نے ریاستی محکمہ ریونیو کی کارکردگی کو مزید فعال بنانے اور انتخابات سے متعلق فرائض کی انجام دہی کیلئے فی الفور محکمہ ریونیو میں مخلوعہ تمام جائیدادوں پر ترقیوں کے ذریعہ تقررات عمل میں لانے کا حکومت سے پرزور مطالبہ کیا۔