ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کے ایک ہزار کارکنوں کو ہیلتھ انشورنس کی فراہمی

   

تلاسانی فائونڈیشن کا اقدام، مساجد کے لیے اسپرے مشین کا عطیہ
حیدرآباد۔ وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما رائو کی سالگرہ کے موقع پر تلاسانی فائونڈیشن نے گریٹری حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے ڈیزاسٹر ریسپانس فورس سے تعلق رکھنے والے ایک ہزار کارکنوں کے لیے فی کس دو لاکھ روپئے ہیلتھ انشورنس کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اینمل ہسبنڈری ٹی سرینواس یادو کے فرزند ٹی سائی کرن نے فائونڈیشن کی جانب سے 35 لاکھ روپئے پریمیم رقم ڈائرکٹر وشواجیت کے حوالے کی۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے تحت فرائض انجام دینے والے ورکرس کو ہیلتھ انشورنس کی فراہمی پر ڈائرکٹر وشواجیت نے مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ اس سے ورکرس کی حوصلہ افزائی ہوگی اور وہ مزید بہتر خدمت انجام دیں گے۔ اسی دوران یوسف گوڑہ اسٹیڈیم میں بلڈ ڈونیشن کیمپ میں شرکت کرنے والے افراد کو تہنیت پیش کی گئی اور انہیں ستائشی سپاس نامہ حوالہ کیا گیا۔ ڈپٹی میئر بابا فصیح الدین نے شہر کے مختلف مساجد اور درگاہوں کے لیے بیاٹری سے چلنے والے اسپرے مشین حوالے کیئے جو مچھر اور بیکٹیریا کے خاتمہ میں اہم رول ادا کرسکتے ہیں۔ مکہ مسجد، جامع نظامیہ، درگاہ یوسفین اور دیگر اداروں کو یہ بطور عطیہ دیا گیا۔ میئر حیدرآباد ڈی رام موہن نے عوام سے اپیل کی کہ وہ شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ گفٹ اے سمائل مہم کے تحت عوام ضرورتمند افراد کو ضروری اشیاء رقم اور دیگر سامان فراہم کرسکتے ہیں۔ کے ٹی آر نے قائدین اور کارکنوں سے اپیل کی تھی کہ وہ سالگرہ کے موقع پر تقاریب منعقد کرنے کے بجائے عوام کی خدمت کے کام انجام دیں۔