حیدرآباد۔/6 مارچ، ( سیاست نیوز) ڈی ایس سی 2008 کے 600 درخواست گذاروں نے جو گذشتہ 16 برسوں سے روزگار کے منتظر ہیں چیف منسٹر ریونت ریڈی سے اپیل کی کہ انصاف کیا جائے۔ ڈی ایس سی 2008 کے درخواست گذاروں نے پرجا بھون کے روبرو احتجاج منظم کرتے ہوئے اپنے مسائل سے حکومت کو واقف کرایا۔ تلنگانہ ہائی کورٹ نے حال ہی میں تلگو ریاستوں کی حکومتوں کو ڈی ایس سی 2008 امتحان کی میرٹ لسٹ پیش کرنے کی ہدایت دی تاکہ سیکنڈری گریڈ ٹیچرس کی جائیدادوں پر جلد تقررات کئے جاسکیں۔ متاثرین کا کہنا ہے ہزاروں امیدوار ایک دہے سے زائد عرصہ سے تقررات کے منتظر ہیں اور سابقہ حکومت نے صرف وعدے کرتے ہوئے ٹال دیا ہے۔ امیدواروں نے کہا کہ ہائی کورٹ کے حالیہ فیصلہ سے امید کی کرن پیدا ہوئی ہے لیکن حکومت کو عدالت کے احکامات پر عمل آوری کی ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ ڈی ایس سی 2008 کے تحت ڈسمبر 2008 میں 35 ہزار جائیدادوں پر تقررات کا اعلان کیا گیا تھا بعد میں مختلف تنازعات کے نتیجہ میں تقررات ممکن نہ ہوسکے۔ پرجا وانی پروگرام کے نوڈل آفیسر ڈی دیویا کو یادداشت پیش کرتے ہوئے چیف منسٹر کو واقف کرانے کی درخواست کی گئی۔1