کابینہ میں عدم شمولیت سے کوئی ناراضگی نہیں : ہریش راؤ

   

میں پابند ڈسپلن فوجی ہوں، کے سی آر جو ذمہ داری دیں گے نبھاؤں گا
حیدرآباد ۔ 19۔ فروری (سیاست نیوز) سابق وزیر ٹی ہریش راؤ نے واضح کردیا کہ ریاستی کابینہ میں عدم شمولیت کا انہیں کوئی دکھ نہیں ہے اور وہ ٹی آر ایس کے ایک پابند ڈسپلن کارکن کی حیثیت سے کے سی آر جو بھی ذمہ داری دیں گے ، اسے بخوبی نبھائیں گے۔ راج بھون میں حلف برداری تقریب کے بعد ہریش راؤ میڈیا کی توجہ کا مرکز تھے ۔ راج بھون سے واپسی پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ سوشیل میڈیا کے بعض گوشوں میں ان کی ناراضگی سے متعلق اطلاعات عام کی جارہی ہیں جو بے بنیاد ہیں۔ ان کے نام سے سینا کے قیام اور دیگر تنظیموں کے ناموں پر تبصرہ کرتے ہوئے ہریش راؤ نے ایسی تنظیموں سے لاتعلقی کا اظہار کردیا۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی اس طرح کی سرگرمیوں سے گریز کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ٹی آر ایس کے ایک فوجی کی طرح ہیں۔ ہریش راؤ نے نئے وزراء کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئے وزراء چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں ان کی توقع کے مطابق عوامی خواہشات کی تکمیل کرتے ہوئے حکومت کا نام روشن کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے تلنگانہ ریاست حاصل کی اور دوسری مرتبہ حکومت کے قیام کے ذریعہ عوام کی خواہشات کی تکمیل کیلئے مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے وزراء اپنی بہتر کارکردگی کے ذریعہ چیف منسٹر کے ہاتھ مضبوط کرتے ہوئے عوام کی توقعات پر کھرے اتریں گے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ انہوں نے انتخابات کے وقت بھی کہا تھا کہ وہ ٹی آر ایس پارٹی کے ایک پابند ڈسپلن سپاہی کی طرح کام کر رہے ہیں۔ چیف منسٹر کے سی آر انہیں جو حکم دیں ، اس پر من و عن عمل کریں گے اور اس کا اظہار ایک سے زائد مرتبہ کرچکے ہیں۔ چیف منسٹر نے مختلف علاقوں اور سماجی مساوات کو پیش نظر رکھتے ہوئے کابینہ تشکیل دی ہے۔ وہ مجھے جو بھی ذمہ داری دیں گے ، پابند ڈسپلن کارکن کی طرح عمل کروں گا۔ مجھے کوئی ناراضگی نہیں ہے۔ ہریش راؤ نے سوشیل میڈیا میں ان سے متعلق خبروں کی مذمت کی اور کہا کہ میرے نام سے کوئی گروپ اور سینا نہیں ہے۔ اگر کوئی قائم کرے تو اس پر توجہ نہ دی جائے ۔ انہوں نے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ چیف منسٹر کے سی آر اور پارٹی کیلئے کام کریں۔