کابینہ کا کل ہنگامی اجلاس، دوبارہ لاک ڈاؤن کا اندیشہ

   

حیدرآباد : ریاست تلنگانہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے معاملہ میں بالخصوص دارالحکومت جی ایچ ایم سی ایریا کے سبب متاثرہ ریاستوں میں شمار ہوگئی ہے۔ حیدرآباد میں کورونا کیسوں میں اضافہ کا سلسلہ تھم نہیں رہا ہے۔ اب ہر روز تقریباً ایک ہزار نئے کیس سامنے آرہے ہیں۔ اِس پس منظر میں چیف منسٹر کے سی آر کی صدارت میں 2 جولائی کو ہنگامی کابینی اجلاس مقرر ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ حکومت دوبارہ کم از کم 15 روزہ لاک ڈاؤن کے نفاذ پر غور کررہی ہے اور اجلاس کے بعد اعلان کیا جائے گا۔ لاک ڈاؤن کی صورت میں 24 گھنٹے میں 2 گھنٹے کی نرمی دی جائے گی جس کے دوران عوام ضروری اشیاء وغیرہ حاصل کرپائیں گے۔ 3 جولائی سے مجوزہ لاک ڈاؤن میں شام 7 بجے سے صبح 7 بجے تک کرفیو رہے گا جس میں سختی برتی جائے گی۔ ہنگامی ضرورت کے شاپس جیسے میڈیکل اسٹورس کھلے رہیں گے۔