کارمیکا نگر یوسف گوڑہ میں کم عمر نوجوان کی ڈرائیونگ سے ٹکر

   

دو افراد شدید زخمی، نوجوان گرفتار، پولیس مصروف تحقیقات

حیدرآباد 2 اگست (سیاست نیوز) شہر کے علاقہ یوسف گوڑہ کارمیکا نگر میں پیش آئے ایک سنسنی خیز واقعہ میں کم عمر نوجوان کی کار کی ٹکر سے 2 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ مدھورا نگر پولیس کے مطابق یہ واقعہ اتوار کی صبح اُس وقت پیش آیا جب راجندر اور پربھاکر جو آپس میں بھائی بتائے گئے، اپنی موٹر سائیکل مکان کے قریب پارک کررہے تھے کہ ایک تیز رفتار کار نے اُنھیں ٹکر دے دی۔ یہ خوفناک منظر سی سی ٹی وی میں قید ہوا اور بعدازاں یہ ویڈیو وائرل ہوگیا۔ 17 سالہ نوجوان تفریح کے لئے اپنے باپ کی گاڑی لیکر علاقہ میں گھوم رہا تھا اور تیز رفتاری سے کار چلاتے ہوئے گاڑی کا توازن کھودیا اور وہاں موجود 2 افراد کو روندتے ہوئے کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچایا۔ اِس حادثہ کے بعد کارمیکا نگر علاقہ میں مقیم افراد معمر شخص پربھاکر کو جو گاڑی کے عقبی پہیے میں پھنسا ہوا، اُسے نکال کر مقامی دواخانہ منتقل کیا جہاں اُس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ مقامی افراد نے کم عمر نوجوان کی پٹائی کردی اور پولیس مدھورا نگر کو اِس واقعہ کی اطلاع ملنے پر وہاں پہونچ کر نوجوان کو حراست میں لے لیا جبکہ گاڑی بھی ضبط کرلی گئی۔ پولیس مدھورا نگر نے بی این ایس اور موٹر وہیکل ایکٹ کی دفعات کے تحت ایک مقدمہ درج کرلیا ہے اور والدین کے خلاف بھی کارروائی کی جارہی ہے۔ب؍V