کارکنوں اور قیادت کے درمیان سابق ارکان اسمبلی نے دیوار کھڑی کردی

   

نظام آباد لوک سبھا کی نشست کے سی آر کو تحفہ میں دینے پارٹی قائدین اتحاد سے کام کریں : کویتا
حیدرآباد ۔ 8 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کے کویتا نے حالیہ اسمبلی انتخابات میں شکست سے دوچار ہونے والے بی آر ایس کے سابق ارکان اسمبلی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سابق ارکان اسمبلی نے پارٹی کارکنوں اور قیادت کے درمیان دیوار بن گئے ۔ یہاں تک کہ وہ بھی پارٹی کارکنوں سے ملاقات کرنے کی کوشش کی تو اس میں بھی رکاوٹیں پیدا کی گئی ہیں ۔ آج تلنگانہ بھون میں حلقہ لوک سبھا نظام آباد کے پارٹی قائدین کا اجلاس منعقد ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے کے کویتا نے پارٹی کی شکست پر روشنی ڈالتے ہوئے بی آر ایس کے سابق ارکان اسمبلی پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک میں مکمل ساتھ دینے والے ضلع نظام آباد میں بی آر ایس کی شکست پر اپنا محاسبہ کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ لوک سبھا انتخابات میں نظام آباد سے بی آر ایس پارٹی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بناتے ہوئے ایم پی نشست کے سی آر کو تحفہ میں دینے کے لیے پارٹی قائدین کو نظریاتی اختلافات فراموش کرتے ہوئے اتحاد کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا ۔ کویتا نے کہا کہ پارٹی قائدین کی غلطیاں ہیں ۔ پارٹی کو گروپ بندیوں میں تبدیل کردیا گیا ۔ کارکن کسی بھی پارٹی کی ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں ایسے کارکنوں کو پارٹی قیادت سے دور کردیا گیا ہے ۔ اس کے لیے پارٹی کے سابق ارکان اسمبلی ذمہ دار ہیں ۔ حقائق کو تسلیم کرتے ہوئے پارٹی کو بوتھ سطح سے مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔ کے سی آر عوام کے دلوں میں آج بھی موجود ہے ۔ کانگریس پارٹی بی آر ایس کو اقتدار سے دور کرسکتی ہے مگر بی آر ایس کو عوام کے دلوں سے دور نہیں کرسکتی ۔۔ 2