کار ، لاری میں گھس گئی ، 6 افراد ہلاک

   

بنگلورو : کرناٹک کے کوپل ضلع میں اتوار کو ایک لاری اور کار کے تصادم میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد کی موت ہو گئی۔پولیس کے مطابق انڈیکا کار کے ٹرک سے ٹکرانے کے بعد چھ افراد کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔مرنے والوں کی شناخت راجپا بنگوڈی، راگھویندر، اکشے شیو شرن، جے شری، راکھی اور رشمیکا کے طور پر کی گئی ہے۔ یہ واقعہ کوپل ضلع کے کشتگی تعلقہ میں کلاکیری کے قریب پیش آیا۔یہ خاندان وجئے پور سے بنگلور کیلئے روانہ ہوا تھا ۔ کشتگی تعلقہ میں کالکیری کے قریب نیشنل ہائی وے 50 پر اُن کی کار کا ٹائر پھٹ گیا اور ڈرائیور نے کنٹرول کھو دیا اور سامنے سے آنے والی لاری سے ٹکرا گئی۔حادثہ اتنا بھیانک تھا کہ تصادم کے باعث کار مکمل طور پر لاری کے اندر گھس گئی جس کی وجہ سے کار میں سوار تمام افراد لاری اور کار میں دب گئے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعشوں کو نکالنے کی جدوجہد کی۔ ضلع ایس پی یشودھا ونتی گوڈی نے جائے حادثہ کا دورہ کیا ۔