حیدرآباد ۔ 12 ۔ اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ کالیشورم پراجکٹ اور میڈی گڈہ بیاریج کی تعمیر میں بے قاعدگیوں سے متعلق شکایت کی تعطیلات کے بعد جون میں سماعت کرے گا۔ چیف جسٹس الوک ارادھے اور جسٹس انیل کمار پر مشتمل بنچ نے درخواست گزاروں کی سماعت کے بعد یہ فیصلہ کیا۔ ریاستی حکومت نے 24 مارچ کو سابق جسٹس پی چندرا گھوش (ریٹائرڈ جج سپریم کورٹ) کی قیادت میں تحقیقاتی کمیشن قائم کیا ہے جو میڈی گڈہ بیاریج اور سندیلا بیاریج میں خامیوں کی جانچ کرے گا۔ حکومت کی جانب سے تحقیقاتی کمیشن کی تشکیل کا حوالہ دیئے جانے پر ہائی کورٹ نے جون میں سماعت کا فیصلہ کیا ہے ۔ تحقیقاتی کمیشن حکومت کو تفصیلی رپورٹ پیش کرے گا ، لہذا چیف جسٹس نے کہاکہ بیک وقت دو تحقیقات ایک ساتھ جاری نہیں رہ سکتی۔ درخواست گزاروں نے اس معاملہ کی سی بی آئی تحقیقات کی درخواست کی اور شکایت کی کہ تعمیرات میں بڑے پیمانہ پر کمیشن حاصل کیا گیا ہے ۔ حکومت کی جانب سے تحقیقاتی کمیشن کی تشکیل کی اطلاع دی گئی اور بتایا گیا ہے کہ کمیشن مقررہ مدت میں حکومت کو اپنی رپورٹ پیش کردے گا ۔1