حیدرآباد۔/7 جنوری، ( سیاست نیوز) بی جے پی قومی نائب صدر ڈی کے ارونا نے کالیشورم پراجکٹ میں بے قاعدگیوں کی سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کیا اور الزام عائد کیا کہ ریونت ریڈی حکومت بدعنوانیوں کی پردہ پوشی کی کوشش کررہی ہے اور عدالتی تحقیقات اسی کا ایک حصہ ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈی کے ارونا نے کہا کہ کانگریس نے اپوزیشن میں رہتے ہوئے کالیشورم پراجکٹ میں بدعنوانیوں کے بارے میں بہت کچھ کہا تھا لیکن برسراقتدار آتے ہی سی بی آئی کے بجائے برسرخدمت جج کے ذریعہ تحقیقات کا اعلان کیا گیا تاکہ معاملہ کو طوالت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے ریاست میں سی بی آئی کے داخلہ کو روکنے کیلئے جو جی او جاری کیا تھا اسے فوری واپس لیا جائے۔ ڈی کے ارونا نے کہا کہ کانگریس نے عوام سے جن 6 ضمانتوں کا وعدہ کیا ہے ان پر عمل آوری کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ مرکز کی جانب سے ریاست کو وصول طلب فنڈز بہر صورت جاری کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ اسکام ملک کا سب سے بڑا اسکام ہے اور صرف سی بی آئی کے ذریعہ حقائق کو منظر عام پر لایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے پراجکٹ کی مالیت کو 63 ہزار کروڑ سے بڑھا کر ایک لاکھ 50 ہزار کروڑ کردیا تھا۔1