کاماریڈی: ایس آئی آر فارم کی 99 فیصد تقسیم کا دعویٰ بے بنیاد

   

بی ایل اوز ایک ہی جگہ بیٹھ کر کام کررہے ہیں، عوام کو دشواری، وقت بھی کم رہ گیا ہے ، گمپاگوردھن کا الزام
کاماریڈی۔ 7 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) نے الزام عائد کیا کہ کاماریڈی میں خصوصی جامع ووٹر لسٹ نظرثانی (SIR) کے تحت اینیومریشن فارموں کی تقسیم کا عمل سست روی کا شکار ہے اور حکام کی جانب سے پیش کیے جا رہے اعداد و شمار زمینی حقائق کے برعکس ہیں۔ سابق رکن اسمبلی گمپا گووردھن کی رہائش گاہ پر منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میونسپل وائس چیئرپرسن گوداوری ارکان نے بلدیہ مرزا حفیظ بیگ نمائندہ رکن بلدیہ محمد منصور اور دیگر نے کہا کہ شہر میں فارموں کی تقسیم میں شدید تاخیر ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ 99 فیصد فارموں کی تقسیم مکمل ہونے کا دعویٰ سراسر بے بنیاد ہے، کیونکہ اب تک آدھے سے بھی کم ووٹروں کو فارم موصول ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا بوتھ لیول افسران (BLOs) کو ہر گھر جا کر فارم تقسیم کرنے اور ووٹروں کو فارم پُر کرنے میں مدد فراہم کرنے کی ذمہ داری ادا کرنی چاہیے، مگر بیشتر مقامات پر ایسا نہیں ہو رہا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کئی بی ایل اوز عوام سے براہِ راست رابطہ قائم کرنے کے بجائے ایک ہی جگہ بیٹھ کر کام انجام دے رہے ہیں۔ گوداوری نے کہا کہ ایس آئی آر مہم کو شروع ہوئے 14 دن گزر چکے ہیں، جبکہ مقررہ مدت کم رہ گئی ہے، اس لیے حکام فوری طور پر مؤثر اقدامات کریں اور عوام میں بیداری پیدا کریں تاکہ 24 جولائی سے قبل یہ عمل مکمل ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ جعلی ووٹوں کے خاتمے کے لیے ہر شہری کا تعاون ضروری ہے اور ماضی میں کاماریڈی میں مبینہ جعلی ووٹوں کی وجہ سے بعض کونسلروں کے انتخابی نتائج بھی متاثر ہوئے تھے۔انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ بعض مقامات پر کانگریس قائدین لوگوں کو گھروں پر بلا کر دباؤ ڈال رہے ہیں، جس کی روک تھام ضروری ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکام بی آر ایس کی جانب سے فراہم کردہ بی ایل ایز (Booth Level Agents) کی فہرست کو مدنظر رکھتے ہوئے بی ایل اوز کو ان کے ساتھ تال میل کے ذریعے کام کرنے کی ہدایت دیں تاکہ ووٹر لسٹ نظرثانی کا عمل مکمل شفافیت اور غیر جانبداری کے ساتھ انجام پائے۔