کامراج سماجی انصاف کے چمپئن تھے : راہول

   

نئی دہلی، 15 جولائی (یو این آئی) کانگریس رہنما اور لوک سبھا میں قائد حزبِ اختلاف راہول گاندھی نے چہارشنبہ کو بھارت رتن کے کامراج کو ان کے یومِ پیدائش پر خراجِ عقیدت پیش کیا اور کانگریس کے اس تجربہ کار رہنما کو ایک دور اندیش سیاست داں قرار دیا جن کی زندگی پسماندہ لوگوں کی بہبود اور سماجی انصاف کے حصول کے لیے وقف تھی۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں راہول گاندھی نے بے لوث عوامی خدمت کی کامراج کی لازوال وراثت اور پسماندہ طبقات کے وقار اور حقوق کے تحفظ کے تئیں ان کے پختہ عزم کی تعریف کی۔ مسٹر گاندھی نے کہا، “بھارت رتن تھیرو کے کامراج کو ان کے یومِ پیدائش پر عاجزانہ خراجِ عقیدت۔انہوں نے مزید کہاکہ”ایک بصیرت افروز رہنما جنہوں نے پسماندہ لوگوں کی فلاح و بہبود اور ان کے وقار اور حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی زندگی وقف کر دی۔ سماجی انصاف اور بے لوث عوامی خدمت کی ان کی وراثت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔” کمارسوامی کامراج، جنہیں عام طور پر کے کامراج کے نام سے جانا جاتا ہے ، ہندستان کے بااثر ترین سیاسی رہنماؤں میں سے تھے اور انہوں نے 1954 سے 1963 تک سابقہ مدراس ریاست کے وزیر اعلیٰ کے طور پر خدمات انجام دیں۔