کامیابی کیلئے جدوجہد کے ساتھ ناکامیوں سے نمٹنے کا ہنر بھی ضروری

   

امریکہ میں اعلیٰ عہدوں تک پہونچنے والا شخص ملازمت سے محرومی کے بعد اہل خانہ کے ساتھ خود کشی کیوں کی ؟
سیان فرانسیسکو ۔ 2 ۔ فروری : (سیاست ڈاٹ کام ) : ہندوستانی نوجوانوں کا خواب ہوتا ہے کہ وہ پڑھ لکھ کر اعلیٰ عہدوں تک پہونچ جائیں ۔ اس طرح کے ایک نوجوان کی کہانی یوں ہے کہ اس نے سائنس میں ہمیشہ صد فیصد 100 مارکس حاصل کئے اور آئی آئی ٹی مدراس کے لیے منتخب ہوا یہاں بھی آئی آئی ٹی میں شاندار مظاہرہ کیا ۔ یہاں سے ایم بی اے کے لیے کیلی فورنیا کی یونیورسٹی میں داخلہ حاصل کیا ۔ امریکہ میں پرکشش تنخواہ کی ملازمت ملی تو وہاں مستقل مقیم ہوگیا ۔ ٹاملناڈو کی ایک خوبصورت لڑکی سے شادی کی اور رہنے کے لیے 5 کمروں والا بڑا مکان خریدا ۔ لکثرری کاروں میں گھومنے لگا ۔ اس کے پاس زندگی کی تمام آسائش تھیں ۔ اپنی صلاحیتوں سے اس نے اعلیٰ سے اعلیٰ ملازمت حاصل کی لیکن چند سال قبل ہی اس نے اپنی بیوی اور بچہ کو گولی مارنے کے بعد خود کشی کرلی ۔ آخر اس نوجوان کے ساتھ کیا ہوا کہ وہ انتہائی اقدام کرنے پر مجبور ہوگیا ۔ اس سلسلہ میں کیلی فورنیا انسٹی ٹیوٹ آف کلینکل سائیکالوجی اسٹڈیز نے تحقیق کی ۔ اس کے دوستوں اور ارکان خاندان سے ملاقات کی تو پتہ چلا کہ امریکہ کے معاشی بحران کی وجہ سے وہ ملازمت سے ہاتھ دھو بیٹھا تھا ۔ ایک طویل عرصہ تک ملازمت کے بغیر زندگی گذارنا اس کے لیے مشکل ہوتا جارہا تھا ۔ اس کو اعلیٰ تنخواہ والی دوسری ملازمت نہیں ملی اور نہ ہی کوئی چھوٹی موٹی نوکری بھی اس کو نہیں مل رہی تھی ۔ مکان کی قسطیں بھی ادا نہیں کرپارہا تھا ۔ مکان سے محروم ہوگیا ۔ جوں توں کر کے چند ماہ گذار لیے ۔ جینے کے لیے کوئی اسباب نہ ہونے پر وہ اور اس کی بیوی نے خود کشی کرلینے کا فیصلہ کیا ۔