کانگریس آئندہ انتخابات کے دوران خلیج بنگال میں غرق ہوگی : کے ٹی آر

   

ریاست میں دوبارہ گلابی پرچم لہرائے گا اور ہٹلر ریڈی سے عوام کو نجات ملے گی
حیدرآباد ۔ 27 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے چیف منسٹر ریونت ریڈی اور کانگریس حکومت کے خلاف جارحانہ زبان کا استعمال کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں جب بھی انتخابات منعقد ہوں گے کانگریس خلیج بنگال میں غرق ہوگی ۔ ریاست میں دوبارہ گلابی پرچم لہرائے گا ۔ ہٹلر ریڈی سے ریاست کے عوام کو نجات حاصل ہوگی ۔ اسمبلی حلقہ مہیشورم میں منعقدہ بی آر ایس کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام اب کانگریس کے دور حکومت میں خود کو شدید دھوکے میں محسوس کررہے ہیں اور ریاست کی چار سمتوں سے اب صرف ایک ہی نعرہ گونج رہا ہے ۔ کانگریس کو جانا چاہئے ۔ کے سی آر کو آنا چاہئے ۔ کے ٹی آر نے کانگریس حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کانگریس راج میں تلنگانہ سے ترقی کا نام و نشان مٹ چکا ہے اور ہر طرف صرف تباہی اور عوامی سانحے رہ گئے ہیں ۔ بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ نے کہا کہ ریونت ریڈی ریاست کے ریگولر چیف منسٹر نہیں ہے وہ ہر ماہ دہلی کو ٹیکس ادا کرتے ہوئے اپنی میعاد کو تجدید کرا رہے ہیں ۔ انہوں نے ریونت ریڈی کو ہٹلر ریڈی کے نام سے پکارتے ہوئے کہا کہ لوگ سری رامچندر اور بابا صاحب امبیڈکر کو اپنا آئیڈیل مانتے ہیں ۔ لیکن ریونت ریڈی نے خود اعتراف کیا ہے کہ ’ ہٹلر ‘ ان کا آئیڈیل ہے ۔ کے ٹی آر نے سنگین الزامات لگایا کہ تلنگانہ کے عوام کی کمائی کا ہزاروں کروڑ روپئے دہلی ہائی کمان کو بھیج کر نقصان کیا جارہا ہے ۔ کے ٹی آر نے چیف منسٹر کی جانب سے خواتین کو کروڑ پتی بنانے کے دعویٰ کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی نے اپنے انتخابی منشور میں ریاست کی خواتین کو ماہانہ 2500 روپئے مالی امداد دینے کا وعدہ کیا تھا ۔ کانگریس حکومت کی نصف میعاد مکمل ہوچکی ہے مگر کسی ایک خاتون کے بینک اکاونٹ میں اس وعدے کے مطابق ایک روپیہ بھی جمع نہیں کیا گیا ۔۔ 2/m/b