کانگریس حکومت کا ایک ماہ، کارکردگی اطمینان بخش

   

مستقبل میں بھی بہتر طرزپر حکمرانی برقرار رکھنے کا عزم: چیف منسٹر ریونت ریڈی

حیدرآباد۔7۔جنوری(سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ کی حیثیت سے ایک ماہ کی کارکردگی میرے لئے اطمینان بخش رہی اور ہم نے کبھی خودکو حکمران تصور نہیں کیا بلکہ ریاست کے عوام کے خادم کی حیثیت سے ہم کام کررہے ہیں۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے آج اقتدار میں ایک ماہ کی تکمیل پر X سابقہ ٹوئیٹر پر جاری کئے گئے ایک پیام میں یہ بات کہی اور کہا کہ ریاست میں عوام اس ایک ماہ کے دوران عوامی خواہشات اور امنگوں کو سچ ثابت کرنے میں کوئی کمی نہیں رکھی گئی ۔ چیف منسٹر نے اپنے پیغام میں کہا کہ ریاست میں عوام ‘ عہدیدار اور سرکاری عملہ اب آزاد فضاء میں سانس لے رہے ہیں اور غلامی کے طوق کو نکال پھینکا ہے۔ اے ریونت ریڈی نے کہا کہ اس ایک ماہ کے سفر نے انہیں زندگی کے کئی نئے تجربات دیئے ہیں اور وہ اس ایک ماہ کے سفر سے مطمئن ہیں۔ انہو ںنے بتایا کہ ان کی حکومت نے عوام سے حکمرانی کو قریب لانے کے علاوہ عوام کے مسائل کی سماعت اور ان کے حل کے سلسلہ میں اقدامات کویقینی بنایا ہے۔ انہوں نے عوام سے وعدہ کیا کہ وہ اسی طرز حکمرانی کو آئندہ بھی جاری رکھیں گے تاکہ تلنگانہ عوام کے دلوں میں وہ اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوسکیں۔انہوں نے بتایا کہ حکومت عوام کی آواز سن رہی ہے ان کے مسائل سے آگہی حاصل کر رہی ہے انہیں حل کرنے کے اقدامات میں مصروف ہے۔ریونت ریڈی نے بتایا کہ ایک ماہ کے دوران غریب شہریوں کے چہروں پر مسکراہٹ آنے لگی ہے اور خواتین اور لڑکیاں مفت بس کے سفر سے استفادہ کرتے ہوئے خوش ہیں۔ حکومت کی جانب سے ریاست کی ترقی کی نئی راہیں تلاش کی جا رہی ہیں اور تلنگانہ کو صنعتی ترقی کے مرکز کے طور پر فروغ دینے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ حکومت نے ایک ماہ کے دوران کئی امور کا جائزہ لیتے ہوئے انتظامی تبدیلیوں کے ذریعہ اسے بہتر بنانے کی کوشش کی ہے اور انتظامیہ کے تعاون سے یہ تبدیلیاں بھی ممکن ہوپا رہی ہیں۔ حکومت تلنگانہ کے بہتر اور تابناک مستقبل کے لئے کام کر رہی ہے اور اسی مقصد کے ساتھ اپنا کام جاری رکھے گی۔ عوام نے کانگریس پارٹی اور انہیں جو ذمہ داریاں دی ہیں ان کو پورا کرتے ہوئے عوام کے دلوں میں جگہ بنانے کا سفر آگے بھی یوں ہی جاری رہے گا۔ چیف منسٹر کے اس پر امید پیام کا مختلف گوشوں کی جانب سے خیر مقدم کرتے ہوئے آئندہ بھی اسی رفتار سے حکومت کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے اقدامات اور کامیاب سفر کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جانے لگا ہے۔

ریونت ریڈی حکومت کے ایک ماہ کی تکمیل پر گاندھی بھون میں جشن
2 ضمانتوں پر عمل آوری کا آغاز، دو لاکھ جائیدادوں پر ایک سال میں تقررات
حیدرآباد۔/7 جنوری،( سیاست نیوز) تلنگانہ میں ریونت ریڈی کی زیر قیادت کانگریس حکومت کے ایک ماہ کی تکمیل پر پارٹی قائدین اور کارکنوں نے گاندھی بھون میں جشن کا اہتمام کیا اور کیک کاٹا گیا۔ نائب صدر پردیش کانگریس کمیٹی ڈاکٹر ملو روی، بی سدھاکر ، سی ایچ کیشو یادو اور دیگر قائدین نے کیک کاٹا اور حکومت کے ایک ماہ کی تکمیل پر ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر ملوروی نے کہا کہ تلنگانہ میں 9 سال کے وقفہ کے بعد عوامی حکومت تشکیل پائی ہے۔ کے سی آر نے عوامی مسائل کو نظرانداز کردیا تھا اور ریونت ریڈی نے ایک ماہ کے اندر عوام کے دلوں میں جگہ بنالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرگتی بھون اور سکریٹریٹ کو عوام کیلئے کھول دیا گیا ہے۔ کانگریس نے جن 6 ضمانتوں پر عمل آوری کا جو وعدہ کیا تھا اس پر عمل شروع ہوچکا ہے۔ دو ضمانتوں پر عمل آوری جاری ہے جبکہ دیگر وعدوں کیلئے عوام سے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ ملوروی نے کہا کہ تلنگانہ میں کرپشن سے پاک حکومت فراہم کرنا کانگریس کا مقصد ہے۔ 2 لاکھ جائیدادوں پر ایک سال میں تقررات کئے جائیں گے اور ٹیچرس کی جائیدادوں پر تقررات کیلئے میگا ڈی ایس سی کا اہتمام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد بالخصوص پرانے شہر کی ترقی کیلئے خصوصی منصوبہ تیار کیا گیا ہے اور پرانے شہر میں میٹرو ٹرین پراجکٹ پر عمل ہوگا۔1