کانگریس حکومت کے 100 دن میں برقی بحران پانی کی قلت

   

غیر موسمی بارش سے 20 لاکھ ایکر فصلوں کو نقصان ، 180 کسانوں کی خود کشی : ہریش راؤ
حیدرآباد ۔ 25 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کے سینئیر قائد سابق ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ غیر موسمی بارش سے ریاست میں 20 لاکھ ایکر اراضی پر فصلوں کو نقصان پہونچا ہے ۔ کانگریس کے 100 یومی حکومت میں 180 کسان خود کشی کرچکے ہیں ۔ تلنگانہ بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات بتائی ۔ اس موقع پر بی آر ایس کے رکن اسمبلی پی راجیشور ریڈی اور ایم ایل سی مدھو سدن چاری بھی موجود تھے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ وہ کل ضلع ورنگل میں سابق وزراء ، پارٹی کے قائدین کے ساتھ دورہ کرچکے ہیں ۔ غیر موسمی بارش سے فصلوں کو جو نقصان پہونچا ہے وہ تکلیف دہ ہے ۔ کسانوں کی آنکھوں میں آنسو ہیں ۔ ان کی کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہونچا ہے ۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی زرعی مسائل کو نظر انداز کرتے ہوئے سیاسی مفادات کو ترجیح دے رہے ہیں ۔ ارکان اسمبلی کو سیاسی وفاداریاں تبدیل کرانے میں مصروف ہوگئے ہیں ۔ حکومت کی غفلت اور لاپرواہی سے 100 دن میں 180 کسان خود کشی کرچکے ہیں ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ بی آر ایس کے دور حکومت میں برقی کے کوئی مسائل نہیں تھے ۔ کانگریس کی 100 دن کی حکمرانی میں برقی بحران شروع ہوگیا ۔ دیہی علاقوں میں کوئی پرسان حال نہیں ہے ۔ شہری علاقوں میں پینے کے پانی کی قلت پیدا ہوگئی ۔ عوام ٹینکرس پر انحصار کررہے ہیں حکومت شہری علاقوں میں پینے کے پانی کی قلت کو دور کرنے میں ناکام ہوگئی ہے ۔ ہریش راؤ نے فصلوں کے نقصان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فی ایکر 25 ہزار روپئے معاوضہ ادا کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا ہے ۔ زرعی قرض معاف نہیں کیا گیا تو لاکھوں کسانوں کے ساتھ سکریٹریٹ کا گھیراؤ کرنے کا حکومت کو انتباہ دیا ۔۔ 2