کانگریس حکومت کے 100 دن کے وعدے 900 دن میں بھی پورے نہیں ہوئے : ہریش راؤ

   

جب بھی ریاست میں انتخابات منعقد ہوں گے کانگریس سنگل ڈیجیٹ تک محدود ہوگی
حیدرآباد ۔ 7 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کے رکن اسمبلی سابق ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ریاست میں جب بھی انتخابات منعقد ہوں گے کانگریس پارٹی ’سنگل ڈیجیٹ ‘ تک محدود ہوجائے گی ۔ آج شمس آباد پولیس اسٹیشن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ ریونت ریڈی دوبارہ اقتدار میں نہیں آئیں گے اور نہ ہی کانگریس کو اپوزیشن پارٹی کا بھی عہدہ حاصل ہوگا ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت سے سوال کرنے والوںکو گرفتار کیا جارہا ہے ۔ مجھے اس وقت گرفتار کیا گیا جب میں پرگی میں کسانوں سے ملاقات کے لیے جارہا تھا ۔ ہریش راؤ نے ریونت ریڈی حکومت کو ’ اندھیر نگری چوپٹ راج ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں قانون ، پروٹوکال کا کوئی نام و نشان نہیں ہے ۔ انہوں نے حکومت کو مشورہ دیا کہ صنعتیں ایسی اراضیات پر قائم کی جائیں جو زراعت کے لیے موزوں نہیں ہیں ۔ ایس سی ، ایس ٹی طبقات اور کسانوں کی زیر کاشت اراضیات کو زبردستی چھین لینے پر سخت اعتراض کیا ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ریونت ریڈی سے بڑا کوئی راون نہیں ہے ۔ پرگی میں اراضیات کے معاملے پر بھی چیف منسٹر پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسانوں کی اراضیات پر قبضہ کرتے ہوئے انہیں اپنے بھائی کی ملکیت ظاہر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کانگریس کے انتخابی وعدوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 100 دن میں 6 ضمانتوں پر عمل آوری کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا ۔ 900 دن گذرنے کے باوجود بھی انہیں پورا نہیں گیا ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ریاست میں دوبارہ کے سی آر کی قیادت میں ’ رام راج ‘ قائم ہوگا ۔ اس دوران ہریش راؤ اور ان کے حامیوں کو پولیس نے اس وقت حراست میں لے لیا جب وہ پرگی میں کسانوں کی حمایت کیلئے جارہے تھے ۔ بعد ازاں انہیں شمس آباد پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا ۔ اس موقع پر سابق وزراء سبیتا اندرا ریڈی ، ای دیاکر راؤ کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔۔ 2/A/b