کانگریس حکومت کے 1000 دن کی کارکردگی ہر اعتبار سے سپر ہٹ

   

کمزور معاشی موقف کے باوجود ترقی اورفلاحی اسکیمات ، اپوزیشن کی تنقید مسترد، ریاستی وزراء کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔2 ۔ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کی کانگریس حکومت نے 1000 دن کی حکمرانی میں عام آدمی کی مشکلات دور کرنے اور مسائل کی یکسوئی کے اقدامات کئے ہیں۔ ریاستی وزراء پی سرینواس ریڈی ، پونم پربھاکر ، لکشمن کمار ، وی سری ہری ، محمد اظہرالدین اور رکن راجیہ سبھا وی نریندر ریڈی نے آج سکریٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حکومت کی ایک ہزار دن کی کارکردگی کو سماجی انصاف اور فلاحی اسکیمات کیلئے تاریخ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی وعدوں کی تکمیل کے علاوہ سابق حکومت کی فلاحی اسکیمات کو جاری رکھا گیا ہے۔ معاشی کمزور موقف کے باوجود حکومت نے ترقی و فلاح و بہبود کے معاملہ میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔ سرینواس ریڈی نے کہا کہ کانگریس حکومت نے کسانوںکو بادشاہ کاموقف دیا اور ان کے معاشی موقف کو بہتر بنانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرض معافی کے علاوہ فصلوں پر بونس دیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ گروپ امتحانات منعقد کئے گئے اور 10 برسوں میں پہلی مرتبہ گروپ I تقررات عمل میں آئے ہیں۔ حکومت نے حال ہی میں 10 ہزار جائیدادوں پر تقررات کا اعلامیہ جاری کیا ہے۔ حکومت پر بی آر ایس قائدین کی تنقیدوں کو مسترد کرتے ہوئے ریاستی وزراء نے کہا کہ اپوزیشن قائدین سرکاری ملازمین اور عوام کو حکومت کے خلاف اکسانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تلنگانہ کے تمام ضمنی چناؤ میں کانگریس نے کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں صرف ایک خاندان کی حکمرانی تھی لیکن کانگریس نے عوامی حکومت قائم کرتے ہوئے ایک ہزار دنوں میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ بی آر ایس نے 8 لاکھ کروڑ کا قرض حاصل کیا اور کانگریس حکومت قرض کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ فلاحی اسکیمات پر عمل کر رہی ہے۔ حکومت کے ایک ہزار دن کی کارکردگی کو سپر ہٹ قرار دیتے ہوئے سرینواس ریڈی نے کہا کہ فلاحی اسکیمات پر 1.76 لاکھ کروڑ خرچ کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہیں مقررہ وقت پر ادا کی جارہی ہیں اور آبپاشی پراجکٹ کے زیر التواء بلز جاری کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت نے کسانوں کی بھلائی کو اولین ترجیح دی ہے۔ تمام طبقات کی ترقی حکومت کا بنیادی مقصد ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپوزیشن کے بہکاوے میں نہ آئیں ۔ دو برسوں میں 70 ہزار جائیدادوں پر تقررات کانگریس حکومت کا کارنامہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں تقررات کے مزید نوٹیفکیشن جاری کئے جائیں گے۔ 1/k/m/b