کانگریس سینئر قائدین کا سونیا گاندھی کو مکتوب

,

   

نئے پی سی سی صدر کے انتخاب سے قبل تفصیلی مشاورت کی اپیل
حیدرآباد۔22 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ کے سینئر کانگریس قائدین نے صدر کانگریس سونیا گاندھی سے اپیل کی کہ نئے صدرپردیش کانگریس کے انتخاب سے قبل پارٹی کے سینئر قائدین سے مشاورت کی جائے۔ انہوں نے پردیش کانگریس کی صدارت کے لیے پارٹی سے وفاداری، پارٹی کے نظریات سے ہم آہنگی، کلین امیج اور سماج کے تمام طبقات کو ساتھ لے کر چلتے ہوئے عوام کا اعتماد جیتنے کی صلاحیتوں کو ترجیح دینے کی اپیل کی۔ سینئر قائدین کا اجلاس آج حیدرآباد میں منعقد ہوا جس میں سابق صدر پردیش کانگریس وی ہنمنت رائو، سابق وزیر ایم ششی دھر ریڈی، سابق وزیر ایس چندرشیکھر، نائب صدرنشین آل انڈیا کسان کانگریس ایم کودنڈاریڈی، سابق ایم ایل سی بی کملاکر رائو، سابق صدرنشین اے پی کھادی بورڈ جی نرنجن، صدرنشین پردیش کانگریس انٹلیکچول سیل اے شام موہن اور نائب صدرنشین آل انڈیا او بی سی ڈپارٹمنٹ ڈاکٹر پی ونئے کمار نے شرکت کی۔ قائدین نے صدر کانگریس سونیا گاندھی کو مکتوب روانہ کیا جس میں کہا گیا کہ علیحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل آپ کی قیادت میں عمل میں آئی لیکن افسوس کہ کانگریس پارٹی علیحدہ ریاست کے قیام کا سیاسی فائدہ حاصل کرتے ہوئے عوام کی خدمت میں ناکام ہوئی ہے۔ ریاست میں ٹی آر ایس اور مرکز میں بی جے پی کی جانب سے پیدا کردہ چلینجس کا سامنے کرنے اور پارٹی کو مستحکم کرتے ہوئے کیڈر میں اعتماد بحال کرنے کے لیے مضبوط قیادت کی ضرورت ہے۔ اتم کمار ریڈی نے بلدی انتخابات کے بعد پردیش کانگریس کی صدارت سے استعفیٰ کا اعلان کیا جس کے باعث ریاست میں نئی قیادت کا انتخاب ضروری ہوجائے گا۔ قائدین نے سونیا گاندھی سے اپیل کی کہ نئے صدر پردیش کانگریس کے انتخاب سے قبل طویل مشاورت کی جائے تاکہ پارٹی کیڈر میں اعتماد بحال ہو۔ انہوں نے کہا کہ پردیش کانگریس کے عہدے پر ایسی شخصیت کا انتخاب کیا جانا چاہئے جو پارٹی کو دوبارہ برسر اقتدار لانے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔ ٹی آر ایس پارٹی اقتدار کے سبب مستحکم ہے اور بی جے پی دن بہ دن اپنی طاقت بڑھانے کی کوشش کررہی ہے۔ لہٰذا ضرورت اس بات کی ہے کہ نئے پردیش کانگریس کے صدر کے انتخاب میں مختلف صلاحیتوں کا جائزہ لیا جائے۔