کانگریس سے منحرف ارکان اسمبلی کی سیاسی زندگی کانگریس کی مرہون منت : یوسف ہاشمی

   

حیدرآباد ۔ 13 ۔ جون : ( راست ) : سکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی سید یوسف ہاشمی نے وفاداریوں کے معاملے میں جانوروں کو انحراف کرنے والے کانگریس کے 12 ارکان اسمبلی سے بہتر قرار دیا ۔ سید یوسف ہاشمی نے وفاداریاں تبدیل کرنے والے کانگریس کے ارکان اسمبلی کی جانب سے فروخت ہونے والے ’ ہم کوئی بھینس بکری نہ ہونے کا دعویٰ کرنے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جن ارکان اسمبلی نے پارٹی سے انحراف کیا ہے ان کی سیاسی زندگی کانگریس کی مرہون منت ہے ۔ کانگریس نے ایک گھریلو خاتون کو وزیر داخلہ بنایا تھا ۔ اپنے فرزند کو اسمبلی کا ٹکٹ نہ ملنے پر وہ ٹی آر ایس میں شامل ہوگئی ہیں ۔ سوائے ایک دو کے باقی تمام قائدین دو یا اس سے زیادہ مرتبہ کانگریس کے ٹکٹ پر اسمبلی کے لیے منتخب ہوئے ہیں ۔ اس لیے وہ دعویٰ کے ساتھ کہہ رہے ہیں کہ وفاداریاں نبھانے کے معاملے میں بھیڑ بکریاں اور بھینس وغیرہ پارٹی تبدیل کرنے والوں سے بہتر ہیں جن ارکان اسمبلی نے پارٹی تبدیل کیا ہے وہ پارٹی قیادت کو کمزور قرار دے رہے ہیں یا پارٹی میں ان کا احترام نہ کرنے کا الزام عائد کررہے ہیں ۔ پارٹی میں گھٹن محسوس کرنے کا دعویٰ کررہے ہیں اگر یہ سب چیزوں کو برداشت کررہے تھے انہوں نے 2018 کے اسمبلی انتخابات میں پارٹی کے ٹکٹ پر مقابلہ کیوں کیا کامیابی کے بعد پارٹی تبدیل کرنا کانگریس کے ساتھ انہیں ووٹ دینے والے رائے دہندوں کو دھوکہ دینے کے برابر ہے اگر انہیں ٹی آر ایس کی قیادت پر بھروسہ ہے تو وہ مقابلہ کریں انہیں اپنی طاقت کا اندازہ ہوجائے گا ۔۔