کانگریس قائدین کو دستور کے تحفظ کیلئے تحریک چلانے کا مشورہ

   

گاندھی بھون میں جشن یوم جمہوریہ تقریب، صدر تلنگانہ پی سی سی اتم کمار ریڈی کا خطاب

حیدرآباد ۔ 26 جنوری (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے یوم جمہوریہ کی 70 ویں تقریب کے موقع پر گاندھی بھون میں پرچم کشائی کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 70 سال قبل دستور کے رہنمایانہ اصول کے تحت تیار کردہ جمہوری اداروں کو تہس نہس کرنے کا مودی کی زیرقیادت این ڈی اے حکومت پر الزام عائد کیا۔ دستور اور اس کے اداروں کے تحفظ کیلئے کانگریس کے کیڈر کو دوبارہ آزادی کے جذبہ سے تحریک چلانے کا مشورہ دیا۔ اس تقریب میں قائد اپوزیشن ملوبٹی وکرامارک سابق اپوزیشن قائدین کے جانا ریڈی (اسمبلی)، محمد علی شبیر (کونسل)، کانگریس کے رکن اسمبلی ڈی سریدھر بابو، رکن قانون ساز کونسل پی سدھاکر ریڈی، صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل، نائب صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ظفر جاوید، جنرل سکریٹریز، ایس کے افضل الدین، جی نرنجن سکریٹریز سید یوسف ہاشمی، اعجاز خان اور اعجاز الزماں کانگریس قائد فیروز خان کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ آزادنہ اختیارات کے حامل ادارے آر بی آئی، سپریم کورٹ، الیکشن کمیشن کی کارکردگی شکوک و شبہات کے دائرے میں آ گئی ہے۔ انہوں نے تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی شکست پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کئی وجوہات سے کانگریس کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے مگر اس سے کانگریس پارٹی ڈرنے یا گھبرانے والی نہیں ہے کیونکہ جیت ہار کانگریس پارٹی کیلئے کوئی نئی بات نہیں ہے۔ کانگریس پارٹی نے اقتدار سے زیادہ عوامی خدمات کو ترجیح دی ہے جس کی وجہ سے کانگریس پارٹی کو عوام کے درمیان رہنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی اپوزیشن کا مزید مؤثر رول ادا کرتے ہوئے عوامی مسائل کو حکومت سے رجوع کرے گی۔ اتم کمار ریڈی نے مجوزہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس پارٹی کا تلنگانہ اور قومی سطح پر بہتر مظاہرہ ہونے کی توقع کا اظہار کیا ہے۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس پارٹی نے کہاکہ کانگریس پارٹی ہمیشہ عوام کے درمیان رہے گی مسائل پر ایوانوں اور سڑکوں پر احتجاج کرے گی۔