کانگریس مزدوروں کی محافظ، ضمانت روزگار اور مفت علاج کی سہولت

   

شہری علاقوں میں یومیہ کم ازکم 400 روپئے مزدوری، لائف انشورنس و حادثاتی انشورنس کا وعدہ، کانگریس منشور کے اہم نکات
حیدرآباد 26 اپریل (سیاست نیوز) ملک میں الیکشن قریب آتے ہی سیاسی پارٹیوں کو غریبوں اور محنت کش طبقات کی یاد آتی ہے۔ اقتدار اور حکومت کے دوران محنت کش طبقات اور غریبوں کے مسائل نظر انداز کئے جاتے ہیں لیکن انتخابی تقاریر کا زیادہ تر حصہ غریبوں اور مزدوروں سے ہمدردی میں صرف ہوتا ہے۔ مودی زیر قیادت بی جے پی نے مرکز میں گزشتہ 10 برسوں کے اقتدار میں غریبوں اور محنت کش طبقات کیلئے صرف زبانی وعدوں اور جملہ بازی سے کام لیا۔ جاریہ لوک سبھا چناؤ میں مودی نے گیارنٹی کے نام پر محنت کش طبقات سے کئی وعدے کئے لیکن غریب اس مرتبہ کانگریس سے امیدیں وابستہ کرچکے ہیں۔ کانگریس نے تمام طبقات کی بھلائی پر مبنی جامع انتخابی منشور جاری کیا ہے جو رائے دہندوں میں تیزی سے مقبولیت حاصل کر رہا ہے۔ پارٹی نے ’شرامک نیائے‘ کے عنوان سے مزدوروں اور محنت کش طبقہ سے پانچ اہم وعدے کئے جو ان کی آمدنی سے صحت کے مسائل کا احاطہ کرتے ہیں۔ کانگریس نے ہر شخص کو بہتر صحت کے نعرہ کے تحت مزدوروں کیلئے بہتر طبی خدمات کی فراہمی کا وعدہ کیا ہے۔ محنت کش طبقات کو 25 لاکھ روپئے تک مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائیگی ۔ غریبوں کیلئے آنجہانی راجیو گاندھی نے مفت علاج کی اسکیم متعارف کی تھی جنہیں کئی ریاستوں نے اختیار کیا۔ متحدہ آندھراپردیش میں وائی ایس آر حکومت نے راجیو آروگیہ شری اسکیم کے تحت 10 لاکھ روپئے تک علاج کی سہولت فراہم کی تھی۔ کانگریس نے ملک بھر میں علاج کی سہولت کا وعدہ کرکے محنت کش طبقات کا دل جیت لیا ۔ مزدوروں کے احترام کے نام سے اسکیم متعارف کی جائیگی جس کے تحت روزانہ 400 روپئے آمدنی کی ضمانت دی گئی ہے۔ منریگا اسکیم کے تحت دیہی علاقوں میں روزگار فراہم کیا جارہا ہے اور کانگریس نے شہری علاقوں میں اسکیم کو توسیع دینے کا وعدہ کیا تاکہ غریبوں کو بروقت معاشی مدد ملے۔ شہری علاقوں میں روزگار کا حصول چیلنج سے کم نہیں ، لہذا ضمانت روزگار اسکیم کو متعارف کرکے غریبوں کے معاشی مسائل حل کرنے کا بیڑہ اٹھایا گیا ہے ۔ شہری روزگار گیارنٹی کے نام سے یہ اسکیم شہروں اور ٹاؤنس میں متعارف کی جائے گی۔ غیر منظم ورکرس کے مسائل کو دیکھتے ہوئے کانگریس نے لائیف انشورنس اور حادثاتی انشورنس متعارف کرنے کا وعدہ کیا ہے ۔ کانگریس نے محفوظ روزگار کی ضمانت کے تحت حکومت کے اہم پروگراموں میں کاموں کی کنٹراکٹ پر منظوری کے طریقہ کار کے بجائے مزدوروں کے ذریعہ ترقیاتی کاموں کی تکمیل کا فیصلہ کیا گیا تاکہ زیادہ سے زیادہ مزدوروں کو روزگار حاصل ہو۔ کانگریس نیائے پترا کو بی جے پی کی جانب سے توڑ مروڑ کر پیش کیا جارہا ہے تاکہ سماج کے مختلف طبقات الجھن کا شکار رہیں۔ 1