کانگریس نئے انتخابی تغلق روڈ اسکام میں ملوث ، مودی کا نیا الزام

,

   

دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد اپوزیشن قائدین کو جیل بھیج دینے کا عزم
جوناگڑھ ۔ 10 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : وزیراعظم نریندر مودی نے چہارشنبہ کو کانگریس پر الزام لگایا کہ حاملہ خواتین اور غرباء کے لیے جو رقم مختص تھی اس کی کانگریس نے لوٹ مار کی ہے ۔ نریندر مودی نے اسے ’ تغلق روڈ کا انتخابی اسکام ‘ قرار دیا ۔ یاد رہے کانگریس کے صدر راہول گاندھی کی رہائش گاہ تغلق روڈ پر واقع ہے ۔ انکم ٹیکس محکمہ نے حال ہی میں مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ کے قریبی مددگاروں اور کانگریس کے قائد کمل ناتھ اور دیگر چار ریاستوں میں گزشتہ اتوار کو دھاوے کئے تھے ۔ سی بی ڈی آئی جو انکم ٹیکس محکمہ کی پالیسی سازی کرتی ہے اس نے پتہ لگایا ہے کہ 20 کروڑ روپئے مشتبہ حالات میں تغلق روڈ پر رہنے والی ایک اہم شخصیت کے گھر سے دہلی میں واقع ایک اہم سیاسی جماعت کے صدر دفتر منتقل کئے گئے ۔ تغلق روڈ پر بہت سی اہم شخصیات رہتی ہیں ۔ جوناگڑھ (گجرات ) میں ایک انتخابی جلسے کو مخاطب کرتے ہوئے مودی نے کانگریس پر شدید حملہ کرتے ہوئے کہا کہ جہاں تک کانگریس کا تعلق ہے۔ یہ پارٹی کئی اسکامس کے نام سے جانی جاتی ہے ۔ اب اس پر ایک نئے نام کا ٹھپہ لگ چکا ہے اور اس کا ثبوت بھی موجود ہے۔ کانگریس تغلق روڈ کے انتخابی گھٹالے میں ملوث ہے ۔ مودی نے کہا کہ ہر شخص کو ضمانت ملنی چاہئے ۔ چاہے اس نے کتنا بھی سنگین جرم کیا ہو ۔ یہ قانون کس کے لیے ہے ۔ یہ قانون آپ کے لیڈروں کے لیے ہے ۔ گذشتہ 5 برسوں میں میں نے انہیں جیل کے دروازے تک پہنچادیا اگر آپ نے مجھے مزید 5 سال دئیے تو میں انہیں جیل کے اندر پہنچا دوں گا ۔ جب کہ مدھیہ پردیش کے چیف منسٹر کمل ناتھ پر انکم ٹیکس کے دھاوؤں کے تعلق سے انہوں نے کہا کہ ’ کانگریس کے بعد مدھیہ پردیش کانگریس کا نیا نشانہ ہے ‘ ۔ انہوں نے مزید کہا کہ راجستھان اور چھتیس گڑھ میں صورت حال اس سے مختلف نہیں ہے ۔ کانگریس عوام کو لوٹنے کے لیے اقتدار میں آنا چاہتی ہے ۔ مودی نے کہا کہ ہوائی حملے تو پاکستان پر کئے گئے مگر اس سے ہندوستان کی حزب مخالف کو چوٹ لگ گئی ۔ مودی نے جلسے کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’ مودی دہشت گردی کو ختم کرنا چاہتا ہے اور وہ مودی کو ہٹا دینا چاہتے ہیں ۔ کوئی ’گالی ‘ ایسی نہیں ہے جو آپ کے سپوت اور آپ کے چوکیدار ( مودی ) کے خلاف کانگریس نے استعمال نہیں کی ‘ ۔ انہوں نے کانگریس پر الزام لگاتے ہوئے بیان کیا کہ کانگریس ان لوگوں کی حمایت کررہی ہے جو جموں و کشمیر کو ہندوستان سے الگ کردینا چاہتے ہیں اور اس علاقے کے لیے ایک علحدہ وزیراعظم کے خواہاں ہیں ۔