کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی پر مہاراشٹر کی ‘توہین’ کا لگایا الزام ، کیا معافی کا مطالبہ

   

کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی پر مہاراشٹر کی ‘توہین’ کا الزام لگاتے ہوئے لوک سبھا میں یہ کہنے کے لیے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا کہ مہاراشٹر نے دیگر ریاستوں میں کووڈ-19 کے پھیلاؤ کو فروغ دیا۔ کانگریس کی مہاراشٹر یونٹ کے صدر نانا پٹولے نے نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ پارٹی بدھ کو ریاست بھر میں بی جے پی کے دفاتر کے باہر وزیر اعظم سے معافی مانگنے کا مطالبہ کرے گی۔ پٹولے نے کہا، “پیر کو لوک سبھا میں اپنے خطاب میں وزیر اعظم نے 12 کروڑ لوگوں پر کووڈ پھیلانے کا الزام لگاکر چھترپتی شیواجی مہاراج کے مہاراشٹر کی توہین کی وزیر اعظم کو اپنے ریمارکس کے لیے معافی مانگنی چاہیے۔‘‘ مودی نے پیر کو لوک سبھا میں کہا تھا، ’’کانگریس لیڈروں نے کیا کیا؟ انہوں نے ممبئی کے ریلوے اسٹیشنوں پر کھڑے ہو کر مفت ٹکٹیں تقسیم کیں۔ انہوں نے لوگوں کو ممبئی چھوڑنے کی ترغیب دی تاکہ مہاراشٹر کا بوجھ کم ہو سکے۔ آپ اتر پردیش جائیں، آپ بہار جائیں۔ جاؤ، وہاں کورونا پھیلاؤ۔ تم نے یہ گناہ کیا اور انتشار کا ماحول پیدا کیا۔