کانگریس ٹکڑے ٹکڑے گینگ کی لیڈر :مودی

,

   

نئی دہلی : وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو کہا کہ کانگریس کو ’’انگریزوں سے تقسیم کرو اور حکومت کرو‘‘ کی ملی وراثت کی وجہ سے اس کی ذہنیت تقسیم کرنے والی بن گئی ہے، اس لئے وہ آج ’’ٹکڑے ٹکڑے گینگ کی لیڈر‘‘ بن گئی ہے۔ صدر کے خطاب پر لوک سبھا میں تحریک تشکر کا جواب دیتے ہوئے مودی نے کہا کہ اس ایوان کی یہ کہہ کر توہین کی گئی کہ آئین میں ’راشٹر‘ لفظ نہیں آتاہے۔ کانگریس یہ توہین کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راشٹر کوئی اقتدار یا حکومت کی شکل نہیں۔ اس سے ہزاروں برس سے ملک کے لوگ جڑے ہیں۔ کانگریس لیڈر راہول گاندھی کا نام لیے بغیر وزیر اعظم نے کہا کہ تمل کے جذبات کو آگ لگانے کی کوشش کی گئی۔ یہ ’’توڑو اور راج کرو، تقسیم کرو اور حکومت کرو‘‘ کانگریس کو انگریزوں سے وراثت میں ملا ہے۔ کانگریس کی تفرقہ انگیز ذہنیت رہی ہے، یہی اس کا کردار ہے، اس لیے آج وہ ٹکڑے ٹکڑے گینگ کی لیڈر بن گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایوان میں قوم کے بارے میں جو باتیں کی گئی ہیں وہ حیران کن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی وراثت کی بات ملک کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو نے اپنی کتاب ’’ڈسکوری آف انڈیا ‘‘میں کی ہے۔مودی نے کہا کہ کانگریس علیحدگی پسندی کے بیج بو کر اسے مضبوط کرنے کا کام کر رہی ہے۔ کانگریس کی طرف سے ملک کو مشتعل کرنے کی بھرپورکوشش کی جا رہی ہے۔ یہ پچھلے سات سال سے کانگریس کے گیم پلان کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگ آئے اور چلے گئے، ملک لازوال ہے ملک کو کچھ نہیں ہوگا۔ ملک ایک تھا، شریشٹھ (بہترین) تھا، ایک ہے ، بہترین ہے اور ایک رہے گا سب سے بہتررہے گا۔