کانگریس پارٹی سیکولر اور عوام کی حقیقی خدمت گذار

   

سنگاریڈی میں سالگرہ تقریب سے جگاریڈی کا خطاب، پارٹی کارکنوں کی ریالی
سنگاریڈی۔ 7 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سنگا ریڈی میں ٹی پی سی سی کے ورکنگ صدر جگا ریڈی کی سالگرہ کے موقع پر ایک شاندار ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں ان کی اہلیہ نرملا جگا ریڈی چیئرپرسن ٹی جی آئی آئی سی، بھی شریک ہوئیں۔ اس موقع پر کانگریس قائدین، کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کرتے ہوئے جگا ریڈی کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کی۔اپنے خطاب میں جگا ریڈی نے کانگریس کارکنوں، قائدین اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ سیاست میں قدم رکھا اور اپنی سیاسی زندگی کے دوران متعدد ترقیاتی کام انجام دیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کانگریس ایک سیکولر جماعت ہے جو ہمیشہ تمام طبقات کی ترقی اور فلاح و بہبود کے لیے کام کرتی آئی ہے۔ سونیا گاندھی، راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کی قیادت میں کانگریس پارٹی مزید مضبوط ہو رہی ہے۔جگا ریڈی نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں کانگریس حکومت نے عوام سے جو وعدے کیے تھے، انہیں پورا کرنے کے لیے سنجیدگی سے کام کیا جا رہا ہے۔ کئی وعدے مکمل کیے جا چکے ہیں جبکہ دیگر ترقیاتی اور عوامی فلاحی منصوبوں پر بھی تیزی سے عمل جاری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس پارٹی ہی حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت گزار جماعت ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی کی مرکزی حکومت ایس آئی آر کے نام پر عوام کو پریشان کرتے ہوئے ان کے ووٹ حذف کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جبکہ کانگریس پارٹی اس بات کو یقینی بنانے پر توجہ دے رہی ہے کہ ہر ووٹر کا نام درست طریقے سے درج ہو اور کسی بھی شہری کا ووٹ ضائع نہ ہونے پائے۔