کانگریس پارٹی نے جیون ریڈی کو 14 مرتبہ بی فارم دیا: مہیش کمار گوڑ

   

وزراء کے خلاف الزامات پر ہریش راؤ کو ثبوت پیش کرنے کا چیلنج
حیدرآباد ۔9۔ اپریل (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ نے سینئر قائد پی جیون ریڈی کی جانب سے چیف منسٹر ریونت ریڈی اور کانگریس حکومت پر کی گئی تنقیدوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی نے جیون ریڈی کا پارٹی میں ہمیشہ احترام کیا ہے۔ پارٹی نے انہیں مختلف انتخابات میں مقابلہ کرنے کیلئے 14 مرتبہ بی فارم دیا لیکن اب وہ حالات کے مطابق موقف بدل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جیون ریڈی ایسی پوزیشن میں نہیں ہے کہ عوام انہیں سنجیدگی سے لیں گے۔ انہوں نے جیون ریڈی کو کانگریس پر تنقید کرنے سے پہلے ماضی میں بی آر ایس کے خلاف کی گئی اپنی باتوں کا جواب دینے کا مشورہ دیا۔ آج گاندھی بھون میں میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ بی آر ایس اور بی جے پی میں کوئی فرق نہیں ہے اور دونوں جماعتیں ایک سکے کے دو رخ ہیں اور ان کی سوچ و نظریات بھی ایک دوسرے سے ملتی ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ مرکزی بی جے پی حکومت سے ملک کے عوام کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ اسی طرح علحدہ ریاست کی تشکیل کے بعد 10 سال تک برسر اقتدار رہنے والے بی آر ایس بھی اپنے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے جس کی وجہ سے ریاست کے عوام نے بی آر ایس کو اقتدار سے بے دخل کرتے ہوئے کانگریس پار ٹی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور چیف منسٹر ریونت ریڈی عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں اہم رول ادا کر رہی ہے۔ ریاستی وزیر پی سرینواس ریڈی کے خلاف لگائے گئے الزامات پر پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے اس کا ٹھوس ثبوت پیش کرنے کا مشورہ دیا ۔ اگر بی آر ایس کے پاس کوئی واضح ثبوت ہے کہ تو وہ گاندھی بھون آکر پیش کریں، کانگریس پارٹی اس پر سنجیدگی سے غور کرے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ بے بنیاد الزامات لگانا درست نہیں ہے اور اگر ثبوت فراہم کئے جائیں تو پارٹی بحث کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس حکومت پر اراضی اسکام کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ عوام اب حقیقت کو سمجھ چکے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے ہریش راؤ کو چیلنج کیا کہ اگر وزراء کے خلاف لگائے گئے الزامات غلط ہیں تو وہ اپنے پاس موجود ثبوت عوام کے سامنے پیش کریں۔2/k/m/b