متحدہ نظام آباد کانگریس پولیٹیکل افیرس کمیٹی کا اجلاس ، پی سی سی صدر مہیش کمار گوڑ و دیگر کا خطاب
نظام آباد۔ 19 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) متحدہ نظام آباد ضلع کے کانگریس پولیٹیکل افیئرز کمیٹی (PAC) کا اہم اجلاس شہر کے دوبہ علاقہ میں واقع ایم کے فنکشن ہال میں منعقد ہوا، جس میں صدر پردیش کانگریس کمیٹی صدر مہیش کمار گوڑ، ضلع کی انچارج وزیر سیتا اکا ،ریاستی حکومت کے مشیر محمد شبیر علی، ظہیرآباد کے رکن پارلیمنٹ سریش کمار شیٹکر، ایلاریڈی کے رکن اسمبلی مدن موہن راؤ، میئر اوما رانی، نظام آباد ٹاؤن کانگریس کمیٹی صدر بوببلی رام کرشنا، کاماریڈی ضلع کانگریس کمیٹی صدر ا ملیکارجن سمیت متحدہ ضلع کے اہم قائدین، عوامی نمائندوں، کارپوریشن چیئرمینوں، کسان کمیشن کے ارکان، یوتھ کانگریس قائدین، PAC ارکان، منڈل کانگریس صدور اور دیگر پارٹی قائدین نے شرکت کی۔ اجلاس میں کانگریس پارٹی کو تنظیمی سطح پر مزید مستحکم بنانے، گاؤں کی سطح تک پارٹی سرگرمیوں کو وسعت دینے، آئندہ کے سیاسی و تنظیمی لائحہ عمل، عوامی مسائل پر جدوجہد اور ریاستی حکومت کی جانب سے جاری ترقیاتی و فلاحی پروگراموں کو عوام تک وسیع پیمانے پر پہنچانے کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ نے پارٹی قائدین اور کارکنوں کو ہدایت دی کہ ایس آئی آر کے عمل کے دوران بوتھ سطح پر کانگریس کارکن پوری طرح چوکس رہیں اور ووٹر فہرستوں کی اصلاح کے معاملے میں مکمل احتیاط برتیں تاکہ اہل ووٹرس کے ناموں کے اندراج اور فہرستوں کی درستگی کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے منڈل کانگریس کمیٹیوں کی تقرری کا عمل رواں ماہ کے اواخر تک مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی کو نچلی سطح سے مضبوط بنانے کے لیے قائدین اور کارکنوں کو باہمی تال میل کے ساتھ سرگرم کردار ادا کرنا ہوگا۔ اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ کانگریس حکومت کی جانب سے نافذ کیے جانے والے ترقیاتی اور فلاحی پروگراموں سے عوام کو واقف کرانے کے ساتھ ساتھ عوامی مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل کے لیے پارٹی قائدین اور کارکن متحرک انداز میں کام کریں۔ ضلع انچارج وزیر سیتا اکا اور دیگر قائدین نے پارٹی تنظیم کو مزید مستحکم بنانے اور عوام سے مسلسل رابطہ برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا، جبکہ ریاستی حکومت کے مشیر محمد شبیر علی نے متحدہ ضلع میں پارٹی کی تنظیمی مضبوطی اور مستقبل کے لائحہ عمل پر قائدین کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ کاماریڈی ضلع کانگریس کے صدر ملیکارجن نے بھی ضلع میں پارٹی کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اختیار کیے جانے والے اقدامات پر اپنی تجاویز پیش کیں اور قائدین و کارکنوں سے متحد ہوکر نچلی سطح پر پارٹی کو مضبوط بنانے کی اپیل کی۔ اجلاس میں کارپوریشن چیئرمین منالا موہن ریڈی، ایروتری انیل، کیش وینو، کسان کمیشن کے ارکان گڑگو گنگادھر، آکولا للیتا، یوتھ کانگریس صدر وپل گوڑ اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔