کانگریس کی قومی انتخابی مہم کا اپریل میں تکوگوڑہ سے آغاز، کھرگے اور راہول کی شرکت

   

6 یا 7 اپریل کو جلسہ عام، 5 ضمانتوں کے تحت 25 وعدے کئے جائیں گے، جلسہ کی کامیابی کیلئے ریونت ریڈی متحرک
حیدرآباد۔/26مارچ، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی ملک میں لوک سبھا چناؤ کی مہم کا تلنگانہ سے آغاز کرے گی۔ شہر کے مضافاتی علاقہ تکوگوڑہ میں 6 یا 7 اپریل کو جلسہ عام منعقد ہوگا جس میں کانگریس پارٹی قومی سطح پر عوام کیلئے ضمانتوں کا اعلان کرے گی۔ چیف منسٹر و صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے بتایا کہ تکوگوڑہ کانگریس پارٹی کیلئے نیک شگون ہے اور کانگریس نے اسمبلی چناؤ کی ضمانتوں کا وہیں سے اعلان کیا تھا اور پارٹی کو اقتدار حاصل ہوا۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی سے مشاورت کے بعد 6 یا 7 اپریل کو راجیو گاندھی پرانگنم میں جلسہ عام منعقد ہوگا جہاں کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اور راہول گاندھی قومی انتخابی منشور کے تحت عوام کیلئے ضمانتوں کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ رنگاریڈی ضلع سے کانگریس قومی سطح پر انتخابی مہم کا آغاز کرے گی۔ جلسہ عام کی تیاریوں کے سلسلہ میں قائدین کو مختلف ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کانگریس پارٹی لوک سبھا چناؤ میں شاندار مظاہرہ کرے گی اور راہول گاندھی کی قیادت میں مرکز میں حکومت تشکیل دے گی۔ کانگریس کی انتخابی مہم کے تلنگانہ سے آغاز کے فیصلہ نے کانگریس قائدین اور کیڈر میں نیا جوش پیدا کردیا ہے۔ کانگریس کے انتخابی منشور کے تحت ’’ 5 نیائے‘‘ کے ٹائٹل کے تحت 25 ضمانتوں کا اعلان کیا جائے گا۔ کرناٹک اور تلنگانہ میں جن ضمانتوں پر کامیابی سے عمل کیا گیا اسی بنیاد پر قومی سطح پر ضمانتوں کا وعدہ کیا جارہا ہے۔ ریونت ریڈی حکومت نے 7 ڈسمبر کو اقتدار سنبھالنے کے بعد 100 دنوں میں 6 کے منجملہ 5 ضمانتوں پر عمل آوری شروع کردی ہے جن میں آر ٹی سی میں خواتین کو مفت سفر، غریبوں کو 500 روپئے میں گیس سلینڈر، 200 یونٹ مفت برقی، آروگیہ شری کے تحت علاج کی حد میں اضافہ اور مکانات کی تعمیر کیلئے 5 لاکھ روپئے کی امداد شامل ہے۔ لوک سبھا چناؤ کے فوری بعد کانگریس حکومت خواتین کیلئے ماہانہ 2500 روپئے پنشن کی اسکیم پر عمل کرے گی۔ کانگریس کے قومی انتخابی منشور میں مہا لکشمی ضمانت کے تحت غریب خاندانوں میں سے ایک خاتون کو سالانہ ایک لاکھ روپئے کی امداد، 30 لاکھ نئے روزگار کی فراہمی جیسے وعدے کئے جائیں گے۔ ریونت ریڈی حکومت نے دو لاکھ جائیدادوں پر تقررات کا وعدہ کیا ہے۔1