کانگریس کی ملک گیر ’ہاتھ سے ہاتھ جوڑو‘ مہم کا آغاز

   

ریاستوں میں قائدین و کارکن راہول کا پیام گھر گھر پہنچائیں گے
نئی دہلی :کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھر گے اور نیشنل کانگریس کمیٹی کی اپیل پر 26 جنوری سے ملک کی کئی ریاستوں میں ’ہاتھ سے ہاتھ جوڑو‘ مہم کی شروعات کی گئی۔ دہلی، اتر پردیش، بہار، راجستھان، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ سمیت کئی ریاستوں میں الگ الگ مقامات پر ’ہاتھ سے ہاتھ جوڑو‘ مہم شروع ہو چکی ہے جو دو ماہ تک جاری رہے گی۔ دہلی میں ’ہاتھ سے ہاتھ جوڑو‘ مہم کی شروعات دہلی کانگریس صدر چودھری انل کمار کی قیادت میں ہوئی۔ ہزاروں کانگریس کارکنان نے 26 جنوری (یومِ جمہوریہ) کے پیش نظر قومی پرچم لہرایا اور سبھی 280 بلاکوں اور اضلاع میں ’ہاتھ سے ہاتھ جوڑو‘ مہم میں شرکت کی۔ اس موقع پر چودھری انل کمار نے کہا کہ ’’کانگریس کارکنان لوگوں کو مرکز میں مودی حکومت اور دہلی میں کیجریوال حکومت کی نااہلی، عوام مخالف پالیسیوں، تخریب کاری اور تباہ کاری والی سیاست سے روشناس کرائیں گے۔ اتر پردیش میں ’ہاتھ سے ہاتھ جوڑو‘ مہم کی شروعات کرتے ہوئے ریاستی کانگریس نے بی جے پی کے خلاف ’چارج شیٹ‘ جاری کی ہے۔ یوپی کانگریس صدر نے کہا کہ ’’ہم نے چارج شیٹ بنائی ہے جس میں بھارتیہ جملہ پارٹی کے کارناموں کا چٹھا ہے۔ چھتیس گڑھ میں ریاست کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے بستر ضلع کے جگدلپور شہر سے ’ہاتھ سے ہاتھ جوڑو‘ مہم کی شروعات کی۔ مدھیہ پردیش میں ’ہاتھ سے ہاتھ جوڑو‘ مہم کی شروعات مدھیہ پردیش کانگریس صدر کمل ناتھ نے راجدھانی بھوپال کے مگالیا چھاپ گاؤں میں ہنومان جی کی پوجا کرتے ہوئے ۔ ہاتھ سے ہاتھ جوڑو مہم کے ذریعہ مختلف ریاستوں میں عوام کے درمیان جا کر کانگریس لیڈران مرکزی حکومت کی ناکامیاں بتائیں گے۔ کانگریس نے پہلے ہی اعلان کیا ہے کہ گھر گھر پہنچ کر راہول گاندھی کا پیغام عام کیا جائے گا۔