کانگریس کی وراثت پر انگریزوں کے مخبر سوال اُٹھانے لگے ہیں

,

   

نہرو جیل گئے تھے ، اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی نے شہادت حاصل کی، یہ ہماری وراثت ہے: گہلوٹ

جئے پور۔ 28 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان کے چیف منسٹر اشوک گہلوٹ نے بی جے پی کو آج اپنی سخت ترین تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ جدوجہد آزادی کے دوران جو لوگ انگریزوں کے مخبر تھے، آج وہی ہم سے کانگریس کی وراثت کے بارے میں سوال پوچھ رہے ہیں۔ گہلوٹ نے کانگریس کے 135 ویں یوم تاسیس کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب میں اپنی پارٹی کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں جمہوریت کی آواز دبائی جارہی ہے اور دستور خطرہ میں ہے۔ کانگریس اور کانگریسی حکومتوں کے کارناموں کا تذکرہ کرتے ہوئے گہلوٹ نے کہا کہ ایک طرف ہماری پارٹی کی وراثت مضبوط ہے۔ وہ اس پر فخر سے سرشار ہے اور سارے ملک کو بھی اس پر فخر کرنا چاہئے۔ ہماری وراثت کے بارے میں وزیراعظم مودی کے تبصروں سے بھی واقف ہیں اور پنڈت جواہر لعل نہرو کی وراثت بھی جانتے ہیں‘‘۔ پنڈت نہرو کی وراثت جدوجہد آزادی کے دوران قید و بند کی صعوبتیں، ملک، سابق وزرائے اعظم اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی نے شہادت حاصل کی۔ یہ بھی ہماری ہی وراثت ہے۔ آپ (وزیراعظم نریندر مودی) کے نظریات رکھنے والے افراد جدوجہد آزادی کے دوران انگریز حکمرانوں کے مخبر تھے۔ برطانوی سامراج کے لئے مخبروں کے طور پر کام کرنے والے ہماری اور کانگریس کی وراثت پر سوال اٹھانے لگے ہیں‘۔