کانگریس کے استحکام کیلئے گھر گھر مہم چلانے کی ہدایت

   

کورٹلہ میں کانگریس کارکنوں کا اجلاس، جیون ریڈی اور دیگر کا خطاب

کورٹلہ۔/26 اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کورٹلہ منڈل کے ایلا پور گاؤں کے ریڈس فنکشن ہال میں بروز جمعرات کورٹلہ منڈل کے یوتھ لیول کانگریس کارکنوں کے اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے جیون ریڈی کانگریس امیدوار حلقہ پارلیمنٹ نظام آباد نے دیہاتوں میں کانگریس کو مستحکم کرنے کیلئے یوتھ کمیٹیاں تشکیل دینے، بوتھ سطحی کارکنوں سے گھر گھر گھوم کر پارٹی کو مستحکم کرنے کی خواہش کی۔ انہوں نے کانگریس کارکنوں سے مرکز کی بی جے پی حکومت اور سابق بی آر ایس حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کو اجاگر کرتے ہوئے کانگریس کے اقتدار میں آنے کے 100 دن کے اندر 6 گیارنٹیوں میں سے 4 گیارنٹی پر عمل آوری کی ہے اس سے عوام کو واقف کروانے کو کہا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس قائدین و کارکنوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ذات پات اور مذہب کے نام پر تفرقہ پیدا کرنے والے امیدواروں کی کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے فرقہ پرست پارٹیوں کے ناپاک عزائم سے عوام کو واقف کروائیں۔ پارلیمنٹ انتخابات میں ان ( جیون ریڈی ) کی کامیابی کو یقینی بنائیں۔ اڈلوری لکشمن کمار ڈسٹرکٹ صدر کانگریس آئی پارٹی و گورنمنٹ وہپ رکن اسمبلی دھرم پوری نے اپنی تقریر میں کانگریس کے قائدین سے ابھی سے منصوبہ بندی کرتے ہوئے جیون ریڈی کی کامیابی کیلئے کوشش کرنے کو کہا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر ریونت ریڈی نے جب سے ریاست میں اقتدار سنبھالا ہے کانگریس پارٹی کی مقبولیت میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ دیگر پارٹیوں کے قائدین و کارکن کانگریس آئی پارٹی میں شمولیت اختیارکررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حلقہ پارلیمنٹ نظام آباد سے جناب جیون ریڈی کا منتخب ہونا طئے ہے۔ جواڈی نرسنگ راؤ انچارج حلقہ اسمبلی کورٹلہ کانگریس آئی پارٹی نے کانگریس آئی پارٹی قائدین و کارکنوں سے جیون ریڈی کی کامیابی کیلئے سپاہی کی طرح کام کرتے ہوئے انہیں رکن پارلیمنٹ منتخب کروانے کی اپیل کی۔ انہوں نے کانگریس آئی بوتھ سطحی کارکنوں سے کہا کہ 25 سال سے کم عمر نوجوانوں کو کانگریس پارٹی ووٹ بینک میں بدلنے کے لئے کانگریس پارٹی کی جانب سے کئے جارہے ترقیاتی و فلاحی پروگراموں سے عوام کو واقف کروائیں۔ جواڈی کرشنا راؤ ریاستی قائد کانگریس پارٹی نے اپنی تقریر میں کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر ریونت ریڈی حلقہ پارلیمنٹ نظام آباد کو لے کر پرامید ہیں۔ انہوں نے حلقہ پارلیمنٹ نظام آباد سے امیدیں وابستہ کی ہیں۔ ان کی امیدوں کو پورا کرنے کیلئے پارٹی قائدین اور کارکنوں کو کوشش کرنے کو کہا۔ سرینواس راؤ نے اپنی تقریر میں کہا کہ متیم پیٹ شوگر فیکٹر کے مزدوروں کے مسائل پر مثبت ردعمل ظاہر کرنے پر وہ کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کئے ہیں۔ گلف مزدوروں کے مسائل، شوگر فیکٹری کے دوبارہ کھلوانے، بیڑی مزدوروں کو وظیفہ، گلف بورڈ کا قیام جیسے مسائل پر کانگریس پارٹی عمل کی ہے۔ اس پروگرام میں جیون ریڈی کانگریس امیدوار حلقہ پارلیمنٹ نظام آباد، اڈلوری لکشمن کمار گورنمنٹ وہپ ، رکن اسمبلی دھرم پوری، انچارج حلقہ اسمبلی کورٹلہ کانگریس جواڈی نرسنگ راؤ، سابق ایم ایل اے ای انیل کمار، کانگریس پارٹی سینئر قائدین جواڈی کرشنا راؤ، کومی ریڈی، کرمچند، کلوا کٹلہ سجیت راؤ، سی سرینواس راؤ، جی وینکٹ، صدر کانگریس کورٹلہ منڈل کے راجم، صدر بلاک کانگریس پارٹی پی ستیہ نارائنا، الوری مہیندر ریڈی حلقہ اسمبلی کورٹلہ صدر یوتھ کانگریس، ایلیٹی مہپال ریڈی کے علاوہ کانگریس پارٹی قائدین و کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔