کانگریس کے بغیربی جے پی کے بغیر کوئی اتحاد ممکن نہیں۔ ڈگ وجئے سنگھ

,

   

نئی دہلی۔ مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی کے ”کوئی یو پی اے“ نہیں ریمارک کے بعد کانگریس لیڈرڈگ وجئے سنگھ نے جمعرات کے روز دعوی کیا ہے کانگریس کے بغیر بھارتیہ جنتا پارٹی کے خلاف کوئی امکانی سیاسی اتحاد ممکن نہیں ہے۔

میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کانگریس لیڈر نے کہاکہ ”جو لوگ ہمارے ساتھ جڑنا چاہتے ہیں وہ آسکتے ہیں اور جو ہمارے ساتھ نہیں جڑنا چاہتے ہیں وہ کچھ بھی کرنے کے لئے آزاد ہیں۔ ہماری لڑائی حکمران جماعت (بی جے پی) کے ساتھ ہے۔

مذکورہ لیڈر نے مزید کہاکہ ”تقریباً تمام سیاسی جماعتوں نے سوائے کانگریس کے بی جے پی کے ساتھ حکومت بنائی ہے۔

یہاں پر صرف واحد کانگریس پارٹی ہی ہے جو اقتدار والی پارٹی کے خلاف مقابلہ کررہی ہے۔ ہمارے بغیر بی جے پی کے خلاف ملک میں کوئی بھی سیاسی اتحاد ممکن نہیں ہے“۔

سنگھ نے مزیدکہاکہ اس ملک میں سیاسی لڑائی کی اصل وجہہ نظریات ہیں۔ انہوں نے دعوی کیاہے کہ ”ہندوستان میں دو قسم کے نظریات ہیں ایک ’گاندھی او رنہرو“ اور دوسرے ’سنگھ جو مذہب کو سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کرتا ہے“۔

سنگھ نے کہاکہ ”کانگریس نے کبھی بھی مذہب کو سیاست کے لئے استعمال نہیں کیاہے۔ تمام سیاسی جماعتوں کویہ سمجھ لیناچاہئے کہ بی جے پی کو اسوقت ہی شکست دی جاسکتی ہے جب سب مل کر ساتھ ائیں۔

ہمیں ساتھ آنے کی ضرورت ہے اور بی جے پی کے خلاف جدوجہد کرسکیں“۔ انہوں نے کہاکہ ”اترپردیش میں بھی صرف پرینکا گاندھی ہی بی جے پی کے خلاف جدوجہد کررہی ہیں“۔

نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے صدر شرد پوار سے ملاقات کے بعد مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتابنرجی نے چہارشنبہ کے روز کہاتھا کہ ”یو پی اے کیا؟ یہاں پر کوئی یو پی اے نہیں ہے“ جس پر یہ تبصرہ سامنے آیاہے۔