کانگریس کے تین امیدواروں کے ناموں کو قطعیت

   

نئی دہلی سے آج فہرست کی اجرائی
حیدرآباد ۔ 19 ۔ اپریل (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے تلنگانہ میں لوک سبھا کی تین نشستوں کیلئے اپنے امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دے دی ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق کھمم ، کریم نگر اور حیدرآباد کے امیدواروں کے ناموں کا ہفتہ تک اعلان کردیا جائے گا ۔ ذرائع نے بتایا کہ صدر کانگریس ملکارجن کھرگے نے راہول گاندھی سے مشاورت کے بعد کھمم لوک سبھا حلقہ سے رگھوما ریڈی کو امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ وہ سینئر لیڈر اور سابق رکن پارلیمنٹ آر سریندر ریڈی کے فرزند ہیں۔ کریم نگر لوک سبھا حلقہ سے سابق رکن اسمبلی آنجہانی جگپتی راؤ کے فرزند وی راجندر راؤ کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ حیدرآباد لوک سبھا حلقہ سے ضلع کانگریس صدر سمیر ولی اللہ کے نام کو منظوری دی گئی ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ہائی کمان سے خواہش کی ہے کہ امیدواروں کا جلد اعلان کیا جائے گا کیونکہ پرچہ جات نامزدگی کے ادخال کا آغاز ہوچکا ہے ۔ اعلان میں تاخیر سے انتخابی مہم میں دشواری ہوسکتی ہے۔ واضح رہے کہ کھمم لوک سبھا نشست کیلئے تین ریاسی وزراء بھٹی وکرمارکا ، پی سرینواس ریڈی اور ٹی ناگیشور راؤ کی جانب سے رشتہ داروں کے نام پیش کرنے کے سبب امیدوار کے انتخاب میں تاخیر ہوئی ہے۔ بھٹی وکرمارکا اپنی اہلیہ نندنی کو ٹکٹ کی مانگ کر رہے تھے۔ سرینواس ریڈی اپنے بھائی پرساد ریڈی کی امیدواری کیلئے ہائی کمان سے رجوع ہوئے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ مختلف زاویوں سے سروے رپورٹ طلب کرنے کے بعد ہائی کمان نے امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دی ہے۔ 1