کانگریس کے سابق ایم پیز سے مانک راؤ ٹھاکرے کی ملاقات

   

اختلافات کی یکسوئی اور متحدہ طور پر الیکشن کا سامنا کرنے کی ہدایت
حیدرآباد۔ /22جنوری ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں کانگریس پارٹی انچارج مانک راؤ ٹھاکرے نے سابق ارکان پارلیمنٹ پونم پربھاکر، بلرام نائیک، انجن کمار یادو، سریش کمار شیٹکر اور ایس راجیا سے ملاقات کی اور پارٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ مانک راؤ ٹھاکرے کے تین روزہ دورے کا آج آخری دن تھا اور انہوں نے سابق ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ ملاقات کیلئے وقت مقرر کیا تھا۔ سابق ارکان پارلیمنٹ نے تلنگانہ کی سیاسی صورتحال اور خاص طور پر کانگریس کے حق میں عوامی لہر کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کانگریس قائدین متحدہ طور پر مساعی کریں تو بی آر ایس حکومت کو باآسانی شکست دی جاسکتی ہے۔ انہوں نے مانک راؤ ٹھاکرے کو مشورہ دیا کہ وہ پارٹی قائدین میں اتحاد کی مساعی کریں اور اختلافات کی یکسوئی کے ذریعہ کیڈر میں پھیلی بے چینی دور کریں۔ ٹھاکرے نے سابق ارکان پارلیمنٹ کو مشورہ دیا کہ وہ اختلافات کو پس پشت ڈال کر پارٹی کے استحکام پر توجہ دیں۔ ٹھاکرے نے واضح کیا کہ ڈسپلن شکنی کو چاہے وہ کسی بھی سطح پر ہو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ مانک راؤ ٹھاکرے نے بعض سینئر قائدین سے علحدگی میں ملاقات کی۔ انہوں نے مہیلا کانگریس، این ایس یو آئی اور یوتھ کانگریس کے قائدین سے علحدہ علحدہ ملاقاتیں کی ہیں۔ر